ابوظہبی ٹیسٹ،پاکستانی ٹیم جیتی بازی ہار گئی

ابوظہبی (سپورٹس لنک رپورٹ)ابوظہبی ٹیسٹ میںنیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 4 رنز سے شکست دے دی۔ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی اور تمام وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنا سکی۔یکطرفہ مقابلہ سنسنی خیز اس وقت بنا جب قومی ٹیم کے بلے باز ایک ایک کر کے وکٹیں گنوانے لگے، پانچ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے جن میں تین کھلاڑی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹے۔امام الحق 27، محمد حفیظ، 10 اور حارث سہیل 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کیویز بولنگ لائن کے سامنے مزاحمت کی دیوار بننے والے اسد شفیق بھی 45 رنز کی اننگز کھیل سکے، جن کے باہر بلےبازوں کی لائن لگی رہی۔بابراعظم 13، کپتان سرفراز احمد 3، بلال آصف، یاسر شاہ اور حسن علی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ایک موقع پر اظہر علی اور اسد شفیق کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے بعد اطمینان ہونے لگا کہ میچ آسانی سے جیت لیا جائے گا لیکن دونوں بلے بازوں کے درمیان یہ شراکت 82 رنز تک محدود رہی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 130 تک پہنچا تو اسد شفیق نیل واگنر کا شکار بن گئے

انہوں نے انتہائی اہم موقع پر 45 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کے بعد بیٹنگ لائن نہ سنبھل سکی۔کیویز کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعجاز پٹیل نے 4، ایش سودھی اور نیل واگنر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل کھیل کے تیسرے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 249 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد پاکستان کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف ملا۔کیویز کی جانب سے دوسری اننگز میں واٹلنگ 59، نکولس 55 اور راول 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ یاسر شاہ اور حسن علی نے 5،5 وکٹیں حاصل کیں۔یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے بعد قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں بابر اعظم کی نصف سنچری کی بدولت 227 رنز بنائے تھے۔

error: Content is protected !!