کراچی: (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستانی کیوئسٹ نسیم اختر نے انڈر 18 سنوکر ورلڈکپ میں ٹائٹل کے دفاع کے لیے تیاری شروع کردی، تین رکنی قومی ٹیم انڈر 21 عالمی کپ میں بھی فتح کے جھنڈے گاڑنے کے لیے پر عزم ہے۔
انڈر 18 اور انڈر21 سنوکر ورلڈ کپ کے لیے قومی سنوکر ٹیم کی کراچی میں بھر پور تیاریاں جاری ہیں۔ 2 جولائی سے چائنا میں شروع ہونے والے عالمی کپ میں پاکستان کی 3 رکنی ٹیم اپنے جوہر دکھائے گی۔ انڈر 18 ایونٹ میں نسیم اختر اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گے۔
قومی ٹیم کیمپ کمانڈر نوید کپاڈیہ کی نگرانی میں کراچی میں سخت ٹریننگ کر رہی ہے۔ لاہور کے کھلاڑی پہلی بار انٹرنیشنل ایونٹ میں اپنی قسمت آزمائیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان کا تربیتی کیمپ 29 جون تک جاری رہے گا، جس کے بعد قومی ٹیم چائنا کے لیے اڑان بھرے گی۔