ماسکو(سپورٹس لنک رپورٹ)فیفا ورلڈکپ کے گروپ مقابلوں میں کولمبیا اور جاپان کی ٹیموں نے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جب کہ سینیگال کی ٹیم فیئر پلے ٹائی بریک پر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔روس میں جاری فٹبال کے عالمی مقابلوں میں گروپ ایچ کے میچ میں کولمبیا نے سینیگال کو ایک صفر سے شکست دے کر باآسانی اگلے مرحلے لیے کوالیفائی کر لیا۔گروپ ایچ ہی کے دوسرے میچ میں پولینڈ نے جاپان کو ایک صفر سے شکست دی۔پولینڈ کی ٹیم تو پہلے ہی ورلڈ کپ سے باہر ہو چکی تھی لیکن ناک آؤٹ مرحلے میں جانے کے لیے اصل مقابلہ جاپان اور سینیگال کی ٹیموں کے درمیان تھا۔
دونوں ٹیموں کو اپنے آخری لیگ میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہو گئے اور کسی ایک ٹیم کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کا فیصلہ فیئر پلے ٹائی بریک پر کیا گیا۔اگلے مرحلے میں جانے کے لیے فیصلہ گولوں کی بنیاد پر کیا جانا تھا لیکن دونوں ٹیموں نے مخالف ٹیموں کے خلاف برابر گول اسکور کیے اور ان کے خلاف اسکور ہونے والے گولز کی تعداد بھی برابر تھی۔گولز کی تعداد بھی برابر ہونے کے بعد جاپان کو سینیگال کے مقابلے میں دو یلو کارڈز کم ملنے پر پری کوارٹر فائنل مرحلے تک رسائی مل گئی۔