نئی دہلی(سپورٹس لنک رپورٹ)سابق مایہ ناز جنوبی افریقی بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے باوجود مزید چند برس تک انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی تصدیق کردی ہے۔ویلیئرز نے رواں برس منعقدہ آئی پی ایل کے بعد اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اس بات پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا تھا کہ آیا وہ غیرملکی لیگز کھیلیں گے یا نہیں۔تاہم اب انہوں نے اس حوالے سے چھائی بے یقینی کا خاتمہ کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ وہ مزید چند برس تک آئی پی ایل کا حصہ ہوں گے اور اس کے علاوہ ڈومیسٹک فرنچائز ٹائٹنز کی نمائندگی کے لیے بھی پر عزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹس سے میری اچھی یادیں وابستہ ہیں، ٹیم کو عالمی ٹائٹل جتوانا میرا دیرینہ خواب تھا لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو سکا۔ڈی ویلیئرز نے کہا کہ 2007 میں کیریبیئن سرزمین پر کھیلا گیا ورلڈ کپ میرے لیے بہت یادگار تھا کیونکہ اس ایونٹ میں اپنی پہلی ورلڈ کپ سنچری اسکور کی تھی جبکہ کرکٹ کے جنون کی وجہ سے بھارت ہمیشہ میرے دل کے قریب رہا ہے۔114 ٹیسٹ، 228 ون ڈے اور 78ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرنے والے سابق عالمی نمبر ایک بلے باز نے کہا کہ 2015 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہارنا بہت مایوس کن امر تھا، وہ ایک شاندار میچ تھا جس میں ہم نے اپنا بہترین کھیل پیش کیا لیکن جیت کے قریب پہنچ کر ہار گئے۔سابق جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ میری ہمدردیاں ہمیشہ ٹیم کے ساتھ رہیں گی اور خواہش ہے کہ وہ تینوں فارمیٹس میں دنیا کی ٹاپ ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کرے۔