پی سی بی نے احمد شہزاد کے مثبت ڈوپ ٹیسٹ کی تصدیق کردی

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد کے مثبت ڈوپ ٹیسٹ کی تصدیق کردی۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد کے ڈوپ ٹیسٹ کے حوالے سے انڈیپنڈنٹ ریویو بورڈ کی رپورٹ موصول ہوچکی ہے، جس میں ممنوعہ مواد کا استعمال ثابت ہوا ہے۔پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ احمد شہزاد کو آج باضابطہ طور پر چارج شیٹ جاری کردی جائے گی۔واضح رہے کہ احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ رواں سال مئی میں فیصل آباد میں منعقدہ پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے دوران لیا گیا تھا، جب وہ بلوچستان ٹیم کے کپتان تھے۔ڈوپ ٹیسٹ کا نتیجہ 26 سالہ اوپنر کے لیے مشکلات کا سبب بنا اور  احمد شہزاد سے اس حوالے سے وضاحت طلب کی گئی۔جس کے بعد پی سی بی نے احمد شہزاد کے ڈوپ ٹیسٹ کا آزادانہ تجزیہ بھی کرایا اور پاکستان کے قومی ڈوپنگ ادارے نے معاملے پر بھارتی ڈوپنگ لیب سے معاونت حاصل کی۔امکان ہے کہ چارج شیٹ جاری ہوتے ہی احمد شہزاد کی عبوری معطلی شروع ہوجائے گی۔احمد شہزاد پاکستان کی جانب سے13 ٹیسٹ، 81 ون ڈے انٹرنیشنل اور 57 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔ وہ پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں سنچریاں بنانے والے واحد بیٹسمین ہیں۔واضح رہے کہ احمد شہزاد پاکستان کے پہلے کھلاڑی نہیں ہیں جن کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا ہے، ان سے قبل شعیب اختر، محمد آصف، عبدالرحمٰن، رضا حسن اور کئی کرکٹرز کو ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

error: Content is protected !!