نئی دہلی(سپورٹس لنک رپورٹ) بھارت نے ایشیاکپ کے شیڈول پر ہی اعتراض جڑ دیا،ٹیم کے لگاتار2دن میچز رکھنے پر بی سی سی آئی تلملا اٹھا جب کہ پورے شیڈول کو ہی بے تکا قرار دے دیا۔ روایتی حریفوں کا پہلا میچ 19 ستمبر کوہوگا، مگر بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس ایونٹ کے شیڈول پر حیرت ظاہر کرنے کے ساتھ اس میں تبدیلی کا مطالبہ بھی کردیا ہے۔ایونٹ میں بھارتی ٹیم کو پاکستان کے خلاف میدان سنبھالنے سے ایک روز قبل کوالیفائر ٹیم سے مقابلہ بھی کرنا ہوگا، اسی بنیاد پر بی سی سی آئی نے پورے شیڈول کو ہی بے تکا قرار دے دیا۔ایک سینئر آفیشل نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایشیا کپ کا شیڈول بے وقوفانہ ہے، اس کی تیاری میں دماغ کا استعمال ہی نہیں کیا گیا، ہم کیسے ایسی صورتحال کو قبول کرسکتے ہیں جس میں بھارت ایک میچ آج کھیلے اور کل اس روایتی حریف سے سامنا ہوجو2 دن آرام کے بعد میدان میں اتر رہا ہو، انھوں نے کہا کہ یہ شیڈول ہمارے لیے ناقابل قول اور اسے لازمی طور پر تبدیل کیا جانا چاہیے، ہوسکتا ہے کہ منتظمین کے ذہن میں اس مقابلے سے دولت کمانے کا خیال ہو مگر ہمارے لیے اہم چیز یہ ہے کہ شیڈول میں بھی برابری ہونی چاہیے۔