ممبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر کے بعد کپل دیو نے متوقع وزیراعظم پاکستان عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔بھارتی ٹی وی اے بی پی نیوز سے بات کرتے ہوئے کپل دیو نے کہا کہ وہ ذاتی مصروفیات کے باعث عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔نیوز اینکر نے کپل دیو سے سوال کیا کہ آپ نے عمران خان کا دعوت نامہ ٹھکرا دیا جس پر کپل دیو کا کہنا تھا کہ دعوت نامہ ٹھکرانا مناسب الفاظ نہیں، عمران خان کی جانب سے مدعو کرنے پر ان کا مشکور ہوں لیکن کچھ ذاتی نوعیت کے کاموں کی وجہ سے ان کی حلف برداری میں شرکت نہیں کرسکوں گا۔یاد رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر، کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو کو عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔سنیل گواسکر پہلے ہی کمنٹری مصروفیات کے باعث تقریب میں شرکت سے معذرت کرچکے ہیں جب کہ کپل دیو نے ابتدا میں کہا تھا کہ اگر انہیں مدعو کیا گیا تو وہ ضرور شرکت کریں گے تاہم اب ان کی جانب سے معذرت سامنے آئی ہے۔دوسری جانب نوجوت سنگھ سدھو عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے پاکستانی ہائی کمیشن سے بھی رابطہ کیا ہے۔