کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے گزشتہ دنوں سے وائرل ہونے والی مبینہ نسوار ڈالنے کی ویڈیو پر وضاحت دے دی۔یوم شہداء و دفاع پاکستان کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں ہوئی تھی جہاں وزیراعظم، آرمی چیف اور مسلح افواج کے سربراہان سمیت کئی شخصیات نے شرکت کی تھی۔تقریب کے دوران شاہد آفریدی کو کیمرے کی آنکھ نے مبینہ طور پر نسوار ڈالتے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا تھا جس کے بعد سے وہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی اور اس پر طرح طرح کے لطیفے بنائے گئے تھے۔لیکن اب خود بوم بوم آفریدی نے اس معاملے کی وضاحت دے دی ہے۔شاہد آفریدی سے تقریب میں شرکت کے بعد صحافی نے اس حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ نسوار نہیں تھی بلکہ لونگ اور سونف کی خوشبو کے لیے استعمال کرتا ہوں۔
https://twitter.com/twitter/statuses/1038363610542682112
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو لونگ اور سونف کا مزہ لینا ہے تو میرے پاس یہ موجود ہے جب کہ اس دوران شاہد آفریدی نے سوال کرنے والے صحافی کو بھی وہی لونگ اور سونف کی خوشبو والا سفوف سونگھوا کر بھی تصدیق کرائی۔ دوسری جانب سابق کرکٹر نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی جس میں انہیں سندھ کے تعلیمی نظام کو درست کرنے کی درخواست کی۔شاہد آفریدی نے کہا کہ بلاول کو سندھ کی ترقی کے لیے تعلیمی نظام کو بہتر کرنے اور تکنیکی افراد کو آگے لانے کا مشورہ دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر تبدیلی اکیلے عمران خان نے نہیں سب کو مل کر لانی ہے۔