سپورٹس بورڈ پنجاب کے ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ نے کہا ہے کہ دوسری بین الصوبائی قائداعظم گیمز2017ء میں کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، کھلاڑی جیت کے جذبے کے ساتھ مقابلوں میں حصہ لیں، کامیابی آپ کے قدم چومے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز نیشنل ہاکی سٹیدیم میں بوائز کے ہاکی کیمپ کے دورہ کے موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن طارق وٹو اورسینئر صوبائی کوچ نواز ڈوگر بھی موجود تھے، ڈائریکٹر سپورٹس نے کیمپ کا دورہ کیا، کھلاڑیوں کا ان سے تعارف بھی کرایا گیا، محمد انیس شیخ نے کھلاڑیوں سے خطاب میں کہا کہ کامیابی محنت اور جنون کے بغیر حاصل نہیں ہوسکتی، سیکرٹر ی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی ہدایت پر سپورٹس بورڈ پنجاب نے کھلاڑیوں کو دوسری بین الصوبائی قائداعظم گیمز 2017ء کی تیاری کیلئے تربیتی کیمپس میں بہترین سہولتیں فراہم کی ہیں، ماہر کوچز کھلاڑیوں کو تربیت دے رہے ہیں، تربیت کے حوالے سے سپورٹس بورڈ پنجاب نے کوئی کسر نہیں چھوڑی، اب کھلاڑیوں کا فرض ہے کہ وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ گولڈ میڈلز جیتیں گے۔