لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)بحریہ کرکٹ کلب کے زیراہتمام کرکٹ ٹیم کے انتخاب کے لئے کھلاڑیوں کے ٹرائلز کا بحریہ کرکٹ سٹیڈیم میں انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر کلب کے پیٹرن چیف سرفراز احمد، صدر سید فخر علی شاہ ، نائب صدر عبدالرئوف (سابقہ ٹیسٹ کرکٹر ) اور سیکرٹری جنرل شاہد رضا خان موجود تھے۔ ٹرائلز کے لئے آنے والے کھلاڑیوں میں محمد عثمان، عثمان علی، امیرعلی، عاقل بٹ، آفتاب احمد، ثوبان مصطفی، حاذق مہدی، افضال، عبداللہ طاہر، فاران اور ارباز جٹ شامل ہیں ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کلب کے پیٹرن چیف سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے لئے جس طرح کی سہولیات بحریہ ٹائون فراہم کررہا ہے تو امید کی جاسکتی ہے کہ نہ صرف لاہور بلکہ پاکستان کے لئے مستقبل کے بہترین کھلاڑی میسر آسکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بحریہ کرکٹ کلب کا لاہور کرکٹ ایسوسی ایشن ویسٹ زون کے ساتھ الحاق ہو چکا ہے اور اگلے سیزن میں ویسٹ زون کے ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے بحریہ کرکٹ کلب کی ٹیم بھی تیار ہوچکی ہوگی۔ بحریہ کرکٹ کلب کے نائب صدر اور سابقہ ٹیسٹ کرکٹر رئوف احمد کا کہنا تھا کہ بحریہ میں کرکٹ کھیلنے کے لئے بہت عمدہ ماحول موجود ہے۔ خوبصورت گراسی گرائونڈ ، تین سے چار ٹرف وکٹس ہیں جہاں پر نہایت عمدہ کرکٹ کھیلی جاتی ہے۔ مزید یہ کہ پریکٹس کے لئے بھی یہاں دو وکٹیں سیمنٹ اورٹرف کی موجود ہیں ۔ پاکستان میں بہت کم ایسی جگہیں ہیں جہاں اس طرح کی سہولیات میسر ہیں ۔ لیکن بحریہ ٹائون میں کرکٹ کے کھلاڑیوں کو یہ سہولت حاصل ہے کہ وہ سیمنٹ وکٹ کے ساتھ ساتھ ٹرف وکٹ پر بھی نیٹ پریکٹس کرسکتے ہیں ۔