لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)انگلش کائونٹی مڈل سیکس نے سابق آسڑیلوی بیٹسمین سٹیورٹ لا کو اپنا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے ،سٹیورٹ لا اپنی ذمہ داریاں رواں سال دسمبر میں سنبھال لینگے، مڈل سیکس اور سٹیورٹ لا کے درمیان چار سال کا معاہدہ طے پایا ہے اس معاہدے کے مطابق سٹیورٹ لا ڈویژن ٹو ٹیم کو تینوں فارمیٹس میں کوچنگ کرینگے، 49 سالہ سٹیورٹ لا سے معاہدے کے بعد مڈل سیکس ٹی ٹونٹی ٹیم کے کوچ ڈینیل وٹوری کوچنگ چھوڑ دینگے جو گزشتہ دو سیزن سے یہ ذمہ داریاں نبھا رہے تھے، معاہدہ طے پا جانے کے بعد سٹیورٹ لا کا کہنا ہے کہ یہ ان کیلئے اعزاز کی بات ہے کہ مڈل سیکس کائونٹی نے انہیں اس عہدے پرتعینات کیا ہے ،سٹیورٹ لا جو اس وقت ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اپنی یہ ذمہ داری ویسٹ انڈیز کے دورہ بھارت اور بنگلہ دیش کے بعد چھوڑ دینگے، ان کا کہنا تھا کہ مجھے ویسٹ انڈیز ٹیم کی کوچنگ کرکے بہت لطف آیا ہے اور میں ویسٹ انڈیز ٹیم کے اچھے مستقبل کیلئے دعا گو ہوں،سٹیورٹ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ بھی رہ چکے ہیں جبکہ انہوں نے ویسٹ انڈیز سے قبل بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی بھی کوچنگ کی ہے۔