اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) قائد اعظم کرکٹ ٹرافی چوتھے مرحلے میں نیشنل بنک آف پاکستان (این بی پی) نے اسلام آباد کو اننگز اور 162 رنز سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کر لی، اسلام آباد کی ٹیم میچ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز میں 125 رنز پر ڈھیر ہو گئی، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، کپتان فیضان ریاض 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، یاد رہے کہ این بی پی کی ٹیم اسلام آباد کی پہلی اننگز 167 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 454 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔ جمعرات کو ڈائمنڈ کلب گراؤنڈ اسلام آباد میں میچ کے تیسرے روز اسلام آباد نے 48 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 239 رنز درکار تھے، اسلام آباد کے بلے باز پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور پوری ٹیم 125 رنز پر پویلین لوٹ گئی، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، فیضان ریاض 30، فہد اقبال 20، سرمد بھٹی 13رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، میر حمزہ اور عاطف جبار نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔