لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سپورٹس گرائونڈز یا کمپلیکس میں شادی بیاہ سمیت دیگر تقریبات پر مکمل پابندی عائد ہے، یہ مقامات صرف اور صرف سپورٹس کے لئے ہی استعمال ہوں گے، ان مقامات کو کسی اور سرگرمی کے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، سپورٹس فنڈز صرف سپورٹس کی سرگرمیوں پر ہی خرچ ہوں گے، تمام افسران سپورٹس منصوبوں کے حوالے سے پندرہ روز میں رپورٹ ہیڈ آفس ارسال کریں، یہ احکامات ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے بدھ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں راولپنڈی ڈویژن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیئے، اجلاس میں سپورٹس کے ترقیاتی منصوبوں، سپورٹس کی سہولتوں اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا، متعلقہ افسران نے ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کو تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹرز طارق وٹو، رئوف باجوہ، شاہد نظامی، ڈویژنل سپورٹس آفیسر راولپنڈی ملک وقار، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر وحید بابر و دیگر افسران نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا کہ سہولتوں کی فراہمی سپورٹس کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جمنیزیم، سٹیڈیم اور گرائونڈز کی دیکھ بھال سے کھلاڑیوں کو سپورٹس کی بہتر سہولتیں ملتی ہیں
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ راولپنڈی ڈویژن میں زیرتعمیر سپورٹس منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کے لئے اقدامات کئے جائیں ان میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے، ڈویژن کے تمام آفیسر پندرہ روزہ کارکردگی رپورٹ ڈویژنل سپورٹس آفیسر کو بھیجیں گے جو ہیڈ آفس کو دیا کریں گے،انہوں نے احکامات جاری کئے کہ سپورٹس گراؤنڈز یا کمپلیکس میں شادی بیاہ سمیت دیگر تقریبات پر مکمل پابندی عائد ہے اس کی ہرگز اجازت نہیں دینگے، ان مقامات پر صرف سپورٹس ہی ہوگی، سپورٹس کے فنڈز صرف اور صرف سپورٹس کے فروغ اور ترقی پر ہی خرچ ہوں گے، ان کو کسی اور مد میں استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔