لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام 5اضلاع میں 7مختلف کھیلوں کے لگائے گئے تربیتی کیمپس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے،ایک سال بعد ہمارے پاس تیارکھلاڑیوں کی نئی کھیپ موجود ہوگی، کیمپس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کا ڈیٹا تیار کیا جائے گا ، نئے کھلاڑی پیدا کرنے کے لئے بچوں کو چھوٹی عمر سے ہی تربیت دینا ضروری ہے، رواں سال دیگرکھیلوں کے مزید تین تربیتی کیمپ لگائے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں کوچنگ کیمپ آف سپورٹس بورڈ پنجاب کے میٹ ریسلنگ کے تربیتی کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وائس چیئرمین پاکستان سپیشل اولمپک ایسوسی ایشن انیس الرحمٰن، ڈپٹی ڈائریکٹرز طارق وٹو، شاہد نظامی، ایڈمنسٹریٹر جمنیزیم ہال مصطفی شاہ و دیگر بھی موجود تھے
ڈائریکٹر جنر ل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا کہ انڈر 16کھلاڑیوں کی تربیت بہت ضروری ہے اس لئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے ان کی تربیت کے لئے مختلف شہروں میںتربیتی کیمپ لگائے ہیں جن میں سے 4کھیلوں میٹ ریسلنگ، پاور لفٹنگ، ویٹ لفٹنگ اور کبڈی کے کھلاڑیوں کی تربیت مکمل ہوگئی ہے، کیمپس میں ماہر کوچز اور ٹرینرز نے کھلاڑیوں کو جدید خطوط پر تربیت دی ہے، تربیتی کیمپس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کا ڈیٹا تیار کیا جائے گا اور بہترین کھلاڑیوں کو مزید تربیت دینے کا بھی انتظام کیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ 3کھیلوں والی بال، ہاکی اور اتھلیٹکس کے تربیتی کیمپس لاہور سمیت دیگر شہروں میں جاری ہیں، تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کو رہائش اور بہترین خوراک مہیا کی ہے، ان کیمپس سے ہی نئے کھلاڑی نکلیں گے
رواں سال مختلف کھیلوں کے مزید تین تربیتی کیمپ لگائے جائیں گے، ہر کھیل کے کھلاڑی کو موقع فراہم کیا جائیگا کہ وہ آئے اور اپنی صلاحیتوں کو منوائے، وائس چیئرمین پاکستان سپیشل اولمپک ایسوسی ایشن انیس الرحمٰن نے اپنے خطاب میں کہا کہ انڈر 16کھلاڑیوں کے لئے تربیتی کیمپ کا انعقاد خوش آئند ہے، کھلاڑیوں کو بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ہے جس سے سپورٹس کو فروغ ملے گا۔ تقریب میں ننھے ریسلرز نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ان کے درمیان میٹ ریسلنگ کا مقابلہ بھی ہوا، تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے جمنیزیم ہال کے باہر پودا لگایا اور دعا بھی کی۔
سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام گوجرانوالہ میں پاور لفٹنگ، ویٹ لفٹنگ اور فیصل آباد میں کبڈی کے تربیتی کیمپ بھی مکمل ہوگئے ہیں، کیمپ میں ماہرین نے کھلاڑیوں کو تربیت دی۔ کھلاڑیوں نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہمیں بہترین موقع فراہم کیا ہے جس سے ہمارے کھیل میںبہتری آئی ہے اور ہمارے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔