شارجہ(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن میں آج دو ٹاکرے ہوں گے، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز مد مقابل ہوں گے جب کہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کا ٹاکرا ہوگا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا میچ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے شروع ہوگا جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی رات 9 بجے مد مقابل ہوں گے۔
ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز اب تک 3، 3 میچز کھیل چکی ہیں اور دونوں ٹیمیں اب تک صرف ایک، ایک میچ میں کامیابی حاصل کرچکی ہیں۔
اس اعتبار سے ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کو صرف دو، دو پوائنٹس حاصل ہیں۔
لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ انگھوٹے میں انجری کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہوگئے ہیں ان کی جگہ اے بی ڈی ویلیرز کپتانی کریں گے جب کہ حفیظ کی جگہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا یافتہ لیفٹ آرم بیٹسمین سلمان بٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ بھی اب تک 3،3 میچز کھیل چکی ہیں لیکن زلمی کے 4 اور یونائیٹڈ کے 2 پوائنٹس ہیں۔
اسکور بورڈ کے اعتبار سے پشاور زلمی دوسرے، ملتان سلطانز تیسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ چوتھے اور لاہور قلندرز چھٹے نمبر پر ہے۔