لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستانی نژاد برطانوی تاریخ کے پہلے ڈائبیٹک پروفیشنل باکسر محمد علی نے اپنے پروفیشنل کیریئر کی چوتھی فائٹ بھی جیت لی۔ شوگر کے مرض سے نبرد آزما برطانوی باکسرمحمد علی کا مقابلہ برطانیہ کے معروف باکسر ایم جے ہال سے ہوا، جس میں انہوں نے 36 کے مقابلے میں 40 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔ برطانوی شہر بولٹن کے مکرون اسٹیڈیم میں ہونے والی اس فائٹ میں دونوں باکسرز نے ایک دوسرے پر خوب مکے برسائے۔شوگر کے مرض سے نبرد آزما باکسر محمد علی نے متعدد بار برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایم جے ہال کو ناک ڈاؤن بھی کیا، تاہم فائٹ آخری راؤنڈ تک ہوئی اور پوائنٹس کی بنیاد پر پاکستانی نژاد برٹش باکسرمحمد علی فاتح قرار پائے۔
واضح رہے اس سے پہلے بھی محمد علی اپنی ابتدائی تینوں پروفیشنل فائٹس میں حریفوں کو شکست دے چکے ہیں۔ ان کے مینجر اسد شمیم کا کہنا تھا کہ محمد علی نے اس مقابلے کیلئے سخت محنت کی تھی اوروہ پوری تیاری کے ساتھ رنگ میں اترے تھے جس کا صلہ اللہ تعالیٰ نے انہیں فتح کی صورت میں دیا۔پاکستانی نژاد برطانوی تاریخ کے پہلے ڈائبیٹک پروفیشنل باکسر محمد علی کا کہنا تھا کہ وہ دُنیا کے پہلے ڈائیبیٹک باکسنگ چمپئن بننا چاہتے ہیں اور اس کیلئے وہ2020 میں مشکل حریف کو چیلنج کریں گے اور دُنیا کے پہلے ڈائیبیٹک باکسنگ چمپئن بن کراپنے آبائو اجداد کے ملک پاکستان کا نام روشن کریں گے ۔