کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے میچز منسوخ کرانے کی سازش ناکام ہو گئی۔ککری گراؤنڈ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے سبب یہ خدشہ بھی پیدا ہو گیا تھا کہ شاید پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں نہ ہوں لیکن خدا کے فضل اور ہماری سنجیدہ کوششوں کی بدولت ہم کراچی شہر کے لیے فائنل سمیت 8میچز حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔مراد علی نے گراؤنڈ کے دورے کے دوران پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی۔انہوں نے کہا کہ سرحد پر کشیدہ صورتحال کے سبب عوام کراچی میں پی ایس ایل میچز کے انعقاد پر شکوک و شبہات کا اظہار کرنے لگے تھے تاہم اب صورتحال بہتر ہے اور شہر میں میچز کھیلے جا رہے ہیں
یہ سب کراچی کے عوام کے جوش و جذبے کی بدولت ممکن ہوا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل فائنل کے انعقاد کے بعد اگلے پی ایس ایل ٹورنامنٹ اور قومی ٹیم کے لیے صوبے بھر سے ٹیلنٹ کی کھوج شروع کی جائے گی اور آئندہ سال حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم میں بھی میچ کا انعقاد ہو گا۔شہر میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ میں فنڈز کی کمی ہے لیکن اس کے باوجود شہر میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ نہیں روکا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے ان تمام اسکیموں کا دورہ کیا ہے جو ہم نے شہر میں شروع کی ہیں اور ان تمام اسکیموں کو انشااللہ آئندہ چار ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔