کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ کرکٹ کی مناسبت سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے انٹرنیشنل مندوبین نے دورہ کیا۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر سیکٹر کمانڈرپاکستان رینجرز بریگیڈئیر شفیق نے انچارج آسٹریلین کرکٹ بورڈ سین کیرول اور ڈپٹی چیف بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ میجر حسین امام کو فول پروف سیکیورٹی کے لئیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اور انھیں تفصیلی بریفنگ دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکٹر کمانڈر نے بتایا کہ سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے اسٹیڈیم کے گردو نواح اور کراچی بھر میں سرچ آپریشن کیے جارہے ہیں۔اس کے علاوہ روٹس اور اسٹیڈیم کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔جبکہ کھلاڑیوں کے آنے والے روٹس پر پولیس اور رینجرز کی عارضی چوکیاں اور اسنائپرز کو تعینات کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا اور بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے آفیشنلز نے سیکیورٹی کے حوالے سے رینجرز اور پولیس کے حفاظتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا۔