کراچی (سپورٹس رپورٹر) سید علی نسیم کی جارحانہ 74رنز اور خان مہر کی 5وکٹوں نے برائٹ جیم خانہ کو گلبرگ جیم خانہ کو 20رنز سے شکست دے کر22ویںچیلنجرز کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں 2قیمتی پوائنٹس اپنے کھاتے میں درج کرالئے۔ سید علی نسیم اور شفقت علی کی نصف سنچریاں‘ مین آف دی میچ خان مہرنے 5شکارکئے۔ناکام سائیڈ کے محمد زبیر اور احسن ظفر کی نصف سنچریاں ان کی ٹیم کے کام نہ آسکیں۔عاطف علی کی 4وکٹیںبھی کارگر ثابت نہ ہوسکیں۔المنصورہ گراؤنڈ پر برائٹ جیم خانہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں 6وکٹوں پر 187رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔ سید علی نسیم نے انتہائی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 46گیندوں پر 70رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ شفقت علی کا انداز بھی جارحانہ رہا اور 29گیندوں پر 56رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔ خان مہرنے بھی 4گیندوں پر 16رنز کی باری کھیلی۔ عاطف علی نے 4کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔گلبرگ جیم خانہ کی پوری ٹیم 18.5اوورز میں 167رنز پر پویلین سدھار گئی ۔ محمد زبیر نے شاندار بیٹنگ کی اور49گیندوں کا سامنا کرکے 74رنز کے ساتھ بھرپور مزاحمتی اننگز کھیلی۔ احسن ظفر نے بھی 28گیندوں پر 54رنز بنا کر اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے کی پوری کوشش کی۔ خان مہر نے انتہائی شاندار بولنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا جب 29رنز پر 5حریف بلے بازوںکو پویلین واپسی کا پروانہ تھما کر انہیں شکست پر مجبور کردیا۔ عدنان آفریدی نے 2کھلاڑیوں کو چلتا کیا جبکہ ذیشان مومیا ،عمر لطیف اورتوقیر ملک نے ایک ایک وکٹ پر اکتفا کیا۔