لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے باہمی تعاون سے منعقد ہونے والی72ویں پنجاب گیمز 2019ء کے آخری روز مختلف گیمز کے فائنل کھیلے گئے، لاہور ڈویژن سوئمنگ، بہاولپور ڈویژن ہاکی، فیصل آباد ڈویژن والی بال، گوجرانوالہ ڈویژن بیس بال کے چیمپئن بن گئے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مختلف کھیلوں کے فائنل مقابلے دیکھے اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے8 سال بعد پنجاب گیمز کا انعقاد کرنے میں کامیاب رہے، 72ویں پنجاب گیمز2019ء میں کھلاڑیوں کی نئی کھیپ ابھر کر سامنے آئی ہے، صرف والی بال میں 15نئے کھلاڑی سامنے آئے ہیں جن کی کارکردگی شاندار رہی ہے، پنجاب گیمز مسلسل منعقد ہوتی رہیں تو سپورٹس میں انقلاب آجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق72ویں پنجاب گیمز 2019ء میں بہاولپور ڈویژن ہاکی میں پنجاب کا چیمپین بن گیا، فائنل میں فیصل آباد ڈویژن کوپینلٹی شوٹس کی بنیاد پر 2-3 گول سے شکست دیدی،مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کپتان بہاولپور کوٹرافی دی
گوجرانوالہ ڈویژن بیس بال کا چیمپئن بن گیا، فائنل میں ملتان ڈویژن کو 5-3سے شکست دیدی، لاہور ڈویژن کی تیسری پوزیشن رہی،سائیکلنگ میں بھی لاہور ڈویژن فاتح رہے، دوسرے نمبر فیصل آباد اور تیسرے پرملتان ڈویژن رہے، فیصل آباد ڈویژن نے والی بال(مرد) چیمپئن شپ جیت لی،لاہور ڈویژن دوسرے اور گوجرانوالہ ڈویژن تیسرے نمبر پر رہے
لاہور ڈویژن نے سوئمنگ میں میدان مار لیا، لاہورڈویژن نے کل 26میڈلز جیتے جن میں 13گولڈ، 8سلور اور 5برانز میڈلز شامل ہیں،فیصل آباد ڈویژن 13میڈلز جیت کر دوسرے نمبر پر رہی،فیصل آباد ڈویژن نے سونے کے 2، چاندی کے 7اور کانسی کے 4میڈلز جیتے
راولپنڈی ڈویژن 3میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی، راولپنڈی ڈویژن نے کانسی کے 3میڈلز جیتے۔ ہینڈ بال(گرلز) کا فائنل لاہور ڈویژن نے جیت لیا، فیصل آباد ڈویژن دوسرے اور گوجرانوالہ ڈویژن تیسرے نمبر پر رہے۔