نیشنل بینک بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ آج شروع ہوگا


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ ) نیشنل بینک بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ لاہور اور گوجرانوالہ میں(آج) 12 اکتوبر سے شروع ہوگا جو 17اکتوبر تک جاری رہیگا ، پی سی بی بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے سجال آفس لاہور نیشنل بینک کے عہدیدران کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گریڈ ون کے تمام میچز لاہور اور گریڈ ٹو کے تمام میچز گوجرانوالہ میں ہوں گے، انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 16ٹیمیں شرکت کریں گی ، قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں سے ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے، انہوں نے کہا کہ گریڈ ون اورگریڈ ٹو سسٹم کو پہلی دفعہ لاگو کیا گیا ہے اور جو ٹیم گریڈ ون میں پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر آئیگی اسکی تنزلی کرکے گریڈ ٹو میں بھیج دیا جا ئیگاجبکہ گریڈ ٹوکی چیمپئن کو گریڈ ون میں تر قی دیدی جائیگی، چیئرمین بلائنڈ کونسل سید سلطان شاہ کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کے این او سی نہ دینے پر بھارتی ٹیم نہیں آرہی، نومبر میں پاکستان بلائنڈ کونسل نے بھارتی ٹیم کی میزبانی کرنی تھی جس کے دوران تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جانے تھے،جواب میں پاکستانی بلائنڈ ٹیم نے بھارت جاکر کھیلنے سے انکار کرتے ہوے ان پر واضح کردیا ہے کہ اب مستقبل میں بھی انڈیا بلائنڈ کونسل اپنی سیریز کی میزبانی بھارتی سرزمین کے بجاے یواے ای میں کرے، ہم بلائنڈ کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں بھارتی رویے کا معاملہ اٹھائیں گے

ہم 2016 اور 2017میں بھارت گئے، اب جب تک بھارت نہیں آتا تو اس وقت تک بھارت سے نہیں کھیلیں گے ، سید سلطان شاہ نے بتایا کہ بلائنڈ کرکٹ کپ 2020میں انگلینڈ میں ہونے جارہا ہے ، میڈیا ٹاک کے دوران نیشنل بینک کے عہدیداران سینئر ریجنل ہیڈ سینٹرل لاہور محمد حسین، ہیڈ لاجسٹکس لاہور ریجن طاہر محمود،مینیجر سی ایس آر ڈویژن علیم خاں موسی اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ پی بی سی سی سید سلمان طارق بخاری بھی اس مو قع پر موجود تھے، نیشنل بینک کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ این بی پی پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں دلچسپی کیساتھ کھیلوں کی نچلی سطح پر ترویج کیلئے مالی امداد بھی کرتا ہے، نیشنل بینک آف پاکستان گزشتہ نو (9 ) سال سے ٹی۔20 بلا ئنڈکرکٹ ٹرافی کو اسپا نسر کر رہا ہے اور مستقبل میں بھی اپنا تعاون جاری رکھے گا،آخر میں نیشنل بینک آف پاکستان کے آفیشلز نے پاکستان بلا ئنڈ کرکٹ کونسل کو ٹورنامنٹ کی اسپانسرشپ کی مد میں دس لاکھ روپے کا چیک بھی دیا۔

error: Content is protected !!