کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کے سی سی اے زونIVکے زیر اہتمام جاری دوسرا فضل محمود نیشنل کلب چمپئن شپ میں انقلاب سی سی نے اسٹیل ٹاؤن کو 81رنز کی شکست سے دوچار کرکے اہم کامیابی حاصل کی۔ میر احمد نے نصف سنچری او ر محمدفضیل کی 5وکٹوں نے فاتح ٹیم کی جیت کو آسان بنادیا۔ عبدالباسط 33رنز کے ساتھ ناکام سائیڈ کے ٹاپ اسکورر رہے۔ پاک اسٹار گراؤنڈ ملیر پر انقلاب سی سی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 40اوورز میں 7وکٹوں پر 206رنز کامجموعہ حاصل کیا۔ میر احمد نے 57رنز کی اننگز میں 4چھکے اور 3چوکے لگائے۔ طارق حسین ایک رن کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے۔ 49رنز کی اننگز میں انہوں نے 4چوکے رسید کیے۔ماجد خان نے 3چوکے لگا کر 27اور محمد فضیل کے 26رنز میں 5چوکے شامل تھے۔ذیشان علی ، محمدوقار اورشوکت علی نے 2-2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ ۔ اسٹیل ٹاؤن جوابی اننگز 22اوورز میں 125رنز پر لپٹ گئی۔ عبدالباسط 33رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے نمایاں بلے باز رہے۔ انہوں نے 3چھکے اور اتنے ہی چوکے لگائے۔ شوکت علی نے 4چوکوںکی مدد سے 22رنز بنائے۔ توقیر عباس کے 15رنز میں 3چوکے اور صدام حسین کے 13رنز میں 2چوکے شامل تھے۔ محمد فضیل نے 17رنز پر 5کھلاڑیوںکو پویلین روانہ کیا جبکہ سرتاج خان کو 30رنز پر 3وکٹیں ہاتھ لگیں۔ ایمپائرز عزیز الرحمن اور نذیر بٹ جبکہ سید مجتبیٰ آفیشل اسکورر تھے۔