لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)دورہ انگلینڈ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر سوشل میڈیا کے استعمال پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہو گی۔وکٹ کیپر سرفراز احمد کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم ان دنوں انگلینڈ کے دورے پر ہے جہاںگرین شرٹس کو 5 ایک روزہ بین الاقوامی اور ایک ٹی 20 میچ میں میزبان ٹیم کا سامنا کرنا ہے۔انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد پاکستان ٹیم ورلڈکپ کے حصول کی مہم شروع کرے گی، عالمی کرکٹ کے اس سب سے بڑے میلے کے دباؤ اور چیلنج کو مد نظر رکھتے ہوئے جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹرز کو بیگمات اور بچوں کو ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں دی، وہیں بورڈ نے کرکٹرز کو سوشل میڈیا کے استعمال کرنے پر کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی ہے۔قومی کرکٹرز ان دنوں سوشل میڈیا پر خاصے متحرک ہیں اور ان کے استعمال کیے جانے والے اکاؤنٹ باقاعدہ تصدیق شدہ ہیں جہاں کھلاڑی وقتاً فوقتاً اپنے پر ستاروں کو اپ ڈیٹ کرتے رہتے ہیں۔نجی ٹی وی چینلسے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے بتایا کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے ہم نے کھلاڑیوں کو کسی قسم کا پابند تو نہیں کیا، البتہ اُنہیں بتا دیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کے کسی بھی پلیٹ فارم پر ایسی کوئی پوسٹ نہیں کریں گے جس میں پی سی بی یا کسی اور بورڈ سے متعلق بات تنازع کی شکل اختیار کرے،تاہم ساتھی کھلاڑی یا کسی بین الاقوامی کرکٹر کی حوصلہ افزائی یا پھر اسے عمدہ کارکردگی پر سراہے جانے کے حوالے سے کچھ بھی لکھنے کے مجاز ہوں گے۔ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ مشق دورہ انگلینڈ کے میچوں کے دوران بھی کرکٹرز پر لاگو ہوگی۔