بہاولپور(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام بہاولپور اور ملتان میں بیک وقت جاری نیشنل انٹرسٹی فٹبال چمپئن شپ 2019میں مزید 4گروپ میچز کھیلے گئے۔ بہاولپور کے ڈرنگ اسٹیڈیم کی سرسبز فیلڈ پر گروپ ’اے‘ میں فیصل آباد نے گلگت کو باآسانی 5-0کی ہزیمت سے دوچار کرکے انہیں ٹورنامنٹ سے باہر کردیا ۔فلڈ لٹ میں کھیلے جانے والے میچ میں ابتدائی منٹوںمیں گلگت کے مڈ فیلڈر علی نے اپنی ٹیم کو برتری دلانے کا ایک سنہری موقع گنوا دیا جب گول ایریا میں پڑی گیند کو وہ کک نہ کرسکے۔بعدازاںفیصل آباد کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے حریف گلگت کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور اپنے برق رفتار کھیل سے مقررہ دورانیہ میں انہیں بیک فٹ پر کھیلنے پر مجبور کیے رکھا۔اسٹرائیکر مدثر ظفر اقبال نے 13ویں،20ویں اور 23ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے 3گول داغ کر ایونٹ کی دوسری ہیٹرک بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ وقفہ کے دوران مقصود الحسن،ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ، بہاولپور کا تعارف دونوں مہمان ٹیموں سے کرایا گیا۔ دوسرے دورانیہ میں مزید 2بار گیند کو جال میں داخل کیا گیا۔ جب رضوان الحق اور فیصل شہزاد کے 59ویں اور 70ویں منٹ میں لگائے گئے نشانے درست سمت میں گئے۔اسی اسٹیڈیم پر کھیلے گئے گروپ ’ڈی‘ کے دوسرے میچ میں گوادر کی مضبوط ٹیم جو گذشتہ روز اسلام آباد کے مقابل 1-2کی شکست سے دوچار ہوئی تھی آج اپنا روایتی کھیل پیش کیا اور ڈی آئی خان کی ٹیم کو 5-2کی ہزیت سے دوچار کیا۔وقفہ پر فاروق کے 35ویں اور اشتیاق کے 40ویں منٹ میں کئے ہوئے گولز کی بدولت انہیں 2-0کی سبقت حاصل تھی۔
وقفہ کے دوران پی ایف ایف کانگریس ممبر سلیم اعوان کادونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔اس موقع پر حاجی خالدمحمود، رؤف باری، ریاض احمد، جعفر بلوچ، شبیر بلوچ ودیگر بھی موجود تھے۔ وقفہ کے بعد میر گل نے 51ویں اورزاہد نے 57ویں منٹ میں گیند کو جال کی جانب روانہ کرنے میں کوئی غلطی نہ کی ۔70ویں اور 71ویں منٹ میں جمیل اور معاز نے یکے بعد دیگرے ڈیرہ اسمٰعیل خان کیلئے 2گول بنا کر سنسنی پھیلا کر میچ کو دلچسپ بنادیا تاہم میر گل نے 87ویں منٹ میں انفرادی دوسرا اور ٹیم کا پانچواں گول بنا کر اپنی ٹیم کو 5-2کی فتح کے ساتھ میدان سے باہر لائے۔ڈویثرنل اسٹیڈیم ملتان کے سبز میدان پر گروپ ’سی‘ میںگجرانوالہ نے مظفر آباد کی ٹیم کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی اور 8-0کی ہزیمت سے انہیں دوچار کیا۔ وقفہ پر فاتح ٹیم کو ذیشان کے 8ویں اور فیضان علی کے 18ویں منٹ میں کئے ہوئے گولز کی بدولت 2-0کی سبقت حاصل تھی۔ دوسرے دورانیہ میں مظفر آباد کی ٹیم گجرانوالہ کے وار نہ سہہ سکی اورمزید 6گول ان کیخلاف اسکورکئے گئے۔ محسن نے ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
انہوں نے 72ویں، 82ویں اور 88ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے تین گول اسکور کئے۔ قیصر نے 64ویں اور شاہ زیب نے میچ کاآخری گول انجری ٹائم (95ویں) منٹ میں اسکور کیا۔گروپ ’سی‘ سے مظفر آباد اپنے دونوں میچز ہارنے کے باعث ایونٹ سے باہر ہوگئی اور گجرانوالہ اور مالاکنڈ کی کوارٹر فائنل میں نشست کنفرم ہوگئی۔ اسی اسٹیڈیم پرگروپ ’بی‘ میں جیکب آبادنے اپنا دوسرا میچ بھی برابر کھیلا جب ان کے مقابل کوئٹہ کی مضبوط ٹیم تھی۔ عصمت اﷲ نے 30ویں منٹ میں جیکب آباد کوک پہلے برتری دلادی تھی لیکن 41ویں منٹ میں گل محمد نے جیکب آباد کے گول کا قرض اتار کر مقابلہ 1-1سے برابر کردیا ۔ مقررہ دورانیہ میں کسی ٹیم کو بھی برتری حاصل نہ ہوسکی اور ایک ایک پوائنٹ پر اکتفا کیا۔ریفریز اکرام اﷲ، پشاور، ناصر حبیب ، بہاولپور، یونس لعل اورراشد بلوچ ، کراچی جبکہ میچ کمشنر سید امتیاز علی شاہ اور نعیم زیدی تھے۔