پشاور( سپورٹس لنک رپورٹ)سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے اعلان کیا ہے کہ پشاور میں نیشنل گیمز 21 سے 27 اکتوبر تک منعقد ہوں گے جس کے لئے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے وہ گزشتہ روز ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے کانفرنس روم میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ان کے ہمراہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر)سید عارف حسن’ سیکرٹری جنرل پی او اے خالد محمود ‘کے پی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ،سیکرٹری سپورٹس کامران رحمان،ڈی جی سپورٹس اسفندیار خٹک، ایم ڈی ٹورازم جنید خان’سیکرٹری کے پی اولمپک ایسوسی ایشن ذوالفقار بٹ ‘پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل طارق پرویز اور دیگر آفیشلز بھی موجود تھے’ سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر)سید عارف حسن نے بھی پشاور کا دورہ کیا اور ان کی اور ہماری اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے بھی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے یہ گیمز پشاور میں کرانے کا فیصلہ کیا اور ان گیمز کے لئے 17 کروڑ روپے مختص کئے ہیں انہوں نے کہا کہ ان گیمز سے ہمارے صوبے کا پوری دنیا میں سافٹ امیج جائے گا یہ گیمز پشاور کے علاوہ مردان ‘ایبٹ آباد’چارسدہ اور کوہاٹ میں بھی منعقد ہوں گے
تاہم وہاں ہونیوالے ایونٹس کا فیصلہ بعد میں ہوگا ‘ انہوں نے کہا کہ اکیس اکتوبر کو افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کو بحیثیت مہمان خصوصی مدعو کیا جائے گا جو باقاعدہ طور پر گیمز کا افتتاح کریں گے جبکہ اختتامی تقریب کے موقع پر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی ہوں گے ‘ایک سوال کے جواب میں سینئرصوبائی وزیر محمد عاطف خان نے کہا کہ ان گیمز میں شرکت کے لئے افغانستان سے بھی دستے کو شرکت کی دعوت دی جائے گی تاہم اس کے ساتھ ساتھ ہماری خواہش ہوگی کہ سری لنکا ‘بنگلہ دیش اور دیگر ہمسائے ممالک سے بھی کھلاڑیوں کو مدعو کیا جائے گا تاہم اس سلسلے میں وزارت خارجہ سے مشاورت کی جائے گی اور انہیں یہ تجویز پیش کی جائے گی جس کے بعد حتمی فیصلہ ہوگا’انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز کے انعقادکے سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کی خدمات لی جائیں گی سیکورٹی سمیت دیگر بہترین انتظامات کئے جائیں گے ‘صدر پی او اے لیفٹیننٹ جنرل(ر)سید عارف حسن نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان سمیت پوری کے پی کی حکومت کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے انتہائی کم وقت میں ہماری درخواست پر غور کیا اور یہ گیمز جو کوئٹہ میں منعقد ہونا تھیں وہاں بروقت سہولتیں میسر نہ ہونے کے باعث پشاور منتقل کی گئیں اور مجھے یقین ہے کہ سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان کی نگرانی میں پشاور میں یہ مثالی گیمزمنعقد ہوں گے ‘انہوں نے بتایا کہ 22 ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا’ملک بھر سے مجموعی طور پر 10 ہزار ایتھلیٹ اور آفیشلز پشاور آئیں گے ‘انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ نیشنل گیمز ضرور ہوں تا کہ ہمارے کھلاڑی آنے والی سیف گیمز اور سائوتھ ایشین گیمز کے لئے تیار ہوسکیں ‘انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ اگر کوئٹہ میں سہولتیں میسر آئیں تو نیشنل گیمز آئندہ سال کے آخر میں کوئٹہ میں منعقد ہوں گے ۔کے پی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ نے پشاور میں نیشنل گیمز کے انعقاد میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد خان ‘سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان سمیت کے پی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا اور عزم کا اظہار کیا کہ پشاور میں مثالی گیمز کا انعقاد کیا جائے گا ۔