لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے ویل چیئر ٹی20کرکٹ ایشیاء کپ جیتنے والی قومی ویل چیئر کرکٹ ٹیم کو 5لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے، یہ اعلان انہوں نے جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں قومی ویل چیئرکرکٹ ٹیم سے ملاقات کے دوران کیا، قومی ویل چیئرکرکٹ ٹیم نے کپتان ذیشان تقی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ قومی ویل چیئرکرکٹ ٹیم نے نیپال میں ہونے والے ویل چیئر ٹی20 کرکٹ ایشیاء کپ کے فائنل میں بھارت کو شکست دیکر معرکہ مارا ہے، قومی ویل چیئرکرکٹ ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں،قومی ویل چیئر کرکٹ ٹیم نے ایشیاء کپ میں بہترین کارکردگی اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائیٹل جیتا ہے جس سے پاکستان کا نام روشن ہوا ہے، ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی ہمارے ہیرو ہیں، حکومت کھلاڑیوں سے ہر طرح سے تعاون کررہی ہے، ویل چیئر ٹی20کرکٹ ایشیاء کپ جیتنے پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے جس کے لئے ٹیم کو 5لاکھ روپے نقد انعام دے رہے ہیں
انہوں نے مزید کہا ہے کہ پنجاب حکومت خصوصی کھلاڑیوں کو سپورٹس کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اہم اقدامات کررہی ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے خصوصی کھلاڑیوں کے لئے پنجاب بھر میں سپورٹس کی تمام سہولیات مفت کردی ہیں، کھلاڑی جہاں چاہیں سپورٹس مقامات پر بغیر کوئی فیس ادا کئے کھیل سکتے ہیں، خصوصی کھلاڑیوں کو بھرپور مواقع فراہم کررہے ہیں، پنجاب گیمز میں بھی خصوصی کھلاڑیوں کے لئے ایونٹس رکھے گئے تھے۔ کھلاڑی محنت اور لگن سے سپورٹس میں حصہ لیں، پنجاب حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ قومی ویل چیئر کرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان تقی نے کہا ہے کہ وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کی حوصلہ افزائی سے ہی ایشیاء کپ جیتے ہیں
صوبائی وزیر کھیل رائے تیمورخان بھٹی نے ہمارے تربیتی کیمپ میں شرکت کرکے ہمارا حوصلہ بڑھایا تھا، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کی جانب سے انعام پر مشکور ہیں، انشاء اللہ اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے بھرپور تیاری کررہے ہیں اور ورلڈ کپ جیت کر لوٹیں گے۔