لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)بھارتی اوپننگ بلے باز شیکھر دھاون انگوٹھے کی انجری کے سبب ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ وکٹ کیپر بلے باز ریشابھ پانٹ کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔آسٹریلیا کے خلاف 9جون کو کھیلے گئے میچ میں دھاون انگوٹھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور بعدازاں انگوٹھے میں فریکچر کی تصدیق ہوئی تھی۔بھارتی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے احتیاطاً ریشابھ پانٹ کو انگلینڈ طلب کر لیا تھا لیکن ابتدائی طور پر دھاون کے متبادل کی درخواست نہیں کی گئی تھی کیونکہ یہ امید ظاہر کی جا رہی تھی کہ وہ عالمی کپ کے اختتامی میچز میں شاید دستیاب ہو سکیں گے اور سیمی فائنل تک رسائی کی صورت میں ان کا تجربہ بہت اہمیت کا حامل ہو گا۔لیکن ان کے جلد صحتیاب نہ ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے اور اس بات کا اعلان کردیا گیا ہے کہ دھاون ورلڈ کپ سے قبل فٹ نہیں ہو سکیں گے۔بھارتی ٹیم مینجمنٹ نے پانٹ کو بطور متبادل ٹیم میں شامل کرنے کی درخواست کی ہے جسے منظور کر لیا گیا ہے۔شیکھر دھاون نے اپنی ٹوئٹ میں ورلڈ کپ سے اخراج پر افسوس کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔