ممبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا کو سینے میں تکلیف کے باعث ممبئی کے مقامی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق برائن لارا کو سینے میں تکلیف کے باعث ممبئی کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے کئی ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کا اسپتال ذرائع کے حوالے سے کہنا ہے کہ برائن لارا کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور ان کی انجیوگرافی کی رپورٹ بھی نارمل آئی ہے۔ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ان دنوں بھارت میں ہیں جہاں وہ ورلڈ کپ کرکٹ کے حوالے سے ٹی وی شو کا حصہ ہیں۔برائن لارا نے 131 ٹیسٹ میں 34 سنچریاں اسکور کیں اور 11 ہزار 953 رنز بنائے ہیں اور انہیں ٹیسٹ میں 400 رنز کی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔انہوں نے 299 ون ڈے میچز میں بھی ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی اور 10 ہزار سے زائد رنز بنائے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے لیجنڈ کرکٹر کیلئے جلد صحتیابی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔