کولمبو (سپورٹس لنک رپورٹ)انڈر-19 ایشیا کپ کے ایک اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 60 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے دی جس کے بعد پاکستانی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے بھی باہر ہوگئی۔سری لنکا میں جاری انڈر-19 ایشیا کپ کے گروپ اے کے پانچویں میچ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل تھیں جہاں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔کولمبو کے موراٹوا میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔پاکستان کے عباس آفریدی نے سوید پرکار کو 38 کے مجموعے پر آؤٹ کرکے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی تھی لیکن دوسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے تلک ورما نے ارجن آزاد کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں اسکور کو 221 رنز تک پہنچادیا۔ارجن آزاد 121 رنز بنا کر عامر علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد محمد عامر نے بھارتی کپتان جوریل کو 10 رنز کے اضافے پر پویلین بھیج دیا۔بھارت کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز تلک ورما تھے جنہوں نے 110 رنز بنائے اور انہیں عباس آفریدی نے آؤٹ کیا جس کے بعد بھارتی بلے بازوں میں روات 18 اور اینکولیکر 16 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
مقررہ 50 اوورز میں بھارت نے 9 وکٹوں پر 305 رنز بنائے اور پاکستان کو ایک مشکل ہدف دے دیا۔پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی اور نسیم شاہ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 18 رنز پر گری جب حیدرعلی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد اوپنر عبدالبنگلزئی بھی 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کپتان روحیل نذیر نے ٹیم کو ہدف تک لے جانے کی شان دار کو شش کی اور حارث خان نے 43 رنز بنا کر ان کا ساتھ بھی دیا جبکہ ان کے علاوہ کوئی اور بلےباز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔پاکستان کی پوری ٹیم 45 ویں اوور میں 245 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور 60 رنز کے واضح مارجن سے شکست کھائی جس کے بعد ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات بھی معدوم ہوگئے۔روحیل نذیر 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 117 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔بھارت کے اینکولیکر نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، پٹیل اور مشرا نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔خیال رہے کہ پاکستان ٹیم کو گروپ اے میں اپنے پہلے میچ میں افغانستان سے شکست ہوئی تھی اور اب دوسرے میچ میں بھارت سے شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخری نمبر پر چلی گئی اور ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔گروپ اے میں افغانستان 2 کامیابیوں کے بعد بہتررن ریٹ کی بنیاد پر 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست اور بھارت بھی دوکامیابیوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے تاہم دونوں ٹیموں نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔