پشاور:(سپورٹس لنک رپورٹ) ٹورازم کارپوریشن خیبر پختونخوا اور ضلعی حکومت اپر چترال کے تعاون سے سطح سمندر سے تقریباً ساڑے چودہ ہزار فٹ کی بلندی پر واقع بروغل ویلی میں منعقدہ دو روزہ بروغل فیسٹول2019 اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا، فیسٹیول میں پہاڑی علاقوں کے مقبول کھیل پولو، یاک پولو،بُز کشی، گدھا پولو ،کرکٹ اور فٹبال سمیت دیگر کھیلوں کے دلچسپ مقابلوں کا انعقاد ہوا،یاک پولو کا فائنل چکارکی ٹیم نے ،پولو کا فائنل گاریل جبکہ بُز کشی کا مقابلہ شیر اعظم کی ٹیم نے جیت لیا
اس موقع پر کھیلوں کے دلچسپ مقابلے دیکھنے کے لئے غیر ملکی،ملکی اور مقامی تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی، پاکستان تحریک انصاف چترال کے صدر عبد اللطیف نے دیگر ضلعی رہنماوں کے ہمراہ صوبائی وزیر سیاحت کے خصوصی نمائندے کی حیثیت سے اختتامی تقریب میں شرکت کی۔
علاقہ بروغل کے عمائدین امین جان نے ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود اور دیگر مہمانوں کو وخی چپان (چوغہ) پہنائے۔ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود نے تقسیم انعامات کے بعد تماشائیوں اور سیاحوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بروغل فیسٹیول منانے کا مقصد چترال کے دوردراز علاقوں میں واقع وادیوں کی خوبصورتی کو دُنیا کے سامنے لانا ہے تاکہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کو حاصل کیا جا سکے اور ساتھ ہی سیاحت کے شعبے کے ذریعے علاقے سے غربت کو ختم کیا جا سکتاہے ،صوبائی وزیر سیاحت محمد عاطف خان اور منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبر پختونخوا جنید خان اس سلسلے میں بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں
جن کے مالی تعاون سے اس قسم کے ایونٹ منعقد کئے جاتے ہیں ۔بروغل فیسٹیول کے زریعے سیاحوں کو دلچسپ کھیلوں اور اردگرد گلیشئیرز کے نظاروں سے لطف اندوز ہونے کا موقع میسر آتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی وجہ سے بروغل فیسٹیول کے تاریخوں میں رد بدل کیا گیا تھاجس کی وجہ سے بعض سیاحوں کو تکلیف اُٹھانی پڑی جس کے ہم معذرت خواہ ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود نے وادی بروغل کے مسائل کو حکومت تک پہنچانے کی یقین دہانی کر ائی۔