کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان میں نجی شعبے کے سب سے بڑے لائف انشورنس ادارے جوبلی لائف انشورنس نے میجر جنرل سعید الزماں جنجوعہ میموریل پولو کپ 2019 میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ اس کا فائنل لاہور پولو اینڈ کنٹری کلب میں کھیلا گیا۔
اس ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیموں کے باصلاحیت کھلاڑیوں نے حصہ لیا جو مختلف کاروباری اداروں کی نمائندگی کررہے تھے۔ جوبلی لائف انشورنس نے سیمی فائنل میں بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ پیش کرکے فائنل کے لئے اپنی جگہ بنائی تھی۔ اس ضمن میں 7 گول کے ہینڈی کیپ کی حامل جوبلی لائف انشورنس نے سیمی فائنل میں اپنی سے زیادہ طاقتور اور 8گول کے ہینڈی کیپ کی حامل ماسٹر پینٹس بلیک کو شکست دی ۔ فائنل میچ ماسٹر پینٹس کے خلاف کھیلا گیا جس کا اسکور 4-7 رہا۔
جوبلی لائف انشورنس کے ہیڈ آف مارکیٹنگ سید عثمان قیصر نے کہا، "کسی بھی طرح کا کھیل صحت مندانہ طرز زندگی برقرار رکھنے کے لئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور اس سے نظم و ضبط اور اجتماعی کاوش کا عمل سیکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ جب بات پولو کی آتی ہے تو جوبلی لائف انشورنس تاریخ کے سب سے قدیم کھیل کے ورثے کو آگے بڑھانے پر فخر کرتا ہے۔ ہم فاتح ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور ملک اور بیرون ملک کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔”
پولو ڈھائی ہزار سال پرانا قدیم کھیل ہے اور وسطیٰ ایشیاء میں آنے کے ساتھ اسے کھیلوں کا سردار شمار کیا جاتا ہے۔ مغل آرٹ اور کھیلوں کے خصوصی دلدادہ تھے اور انہوں نے 13 ویں صدی میں برصغیر میں پولو متعارف کرایا۔ یہ کھیل پاکستان میں شہرت کا حامل ہے جسے بھرپور کوریج ملتی ہے اور اس میں مقامی و غیرملکی اہم شخصیات شرکت کرتی ہیں۔
جوبلی انشورنس آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈیولپمنٹ (AKFED)کا ایک عالمی برانڈ ہے اور مختلف انشورنس پالیسیاں برائے زندگی ، صحت اور جنرل بھی پیش کرتا ہے۔ یہ پاکستان کے نجی شعبے کی لائف انشورنس کمپنیوں میں سب سے آگے ہے۔