لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پسماندہ علاقوں میں سپورٹس کی جدید سہولیات فراہم کررہی ہے تاکہ ان علاقوں کا ٹیلنٹ بھی سامنے آسکے، ڈیرہ غازی خان میں جدید سہولیات سے آراستہ ہاکی سٹیڈیم تعمیر کیا گیا ہے جس میں نئی آسٹروٹرف بچھائی جارہی ہے، ہاکی سٹیڈیم نوجوانوں کے لئے جلد کھول دیا جائے گا
جس سے ہاکی کے کھیل کو فروغ ملے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان کے نو تعمیر شدہ ہاکی سٹیڈیم کے تعمیراتی اور آسٹروٹرف بچھانے کے کام کا جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر عطاء الرحمن اور پراجیکٹ ڈائریکٹر سائوتھ بھی موجود تھے،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے ہاکی سٹیڈیم کے تعمیراتی اور نئی آسٹروٹرف بچھانے کے کام کا بغور جائزہ لیا
انہوں نے افسران اور کنٹریکٹر کو ہدایت کی کام کے معیار کا خصوصی طور پر خیال رکھا جائے اور ہاکی سٹیڈیم کے باقی ماندہ کام اور آسٹروٹرف بچھانے کا عمل جلد سے جلد مکمل کیا جائے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزید کہا کہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں بہت ٹیلنٹ ہے جس کو سامنے لانے کی اشد ضرورت ہے
اس مقصد کے لئے پنجاب حکومت نے پسماندہ علاقوں بالخصوص جنوبی پنجاب کے سہولیات سے محروم علاقوں میں سپورٹس کا وسیع انفراسٹرکچر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، ڈی جی خان میں کرکٹ سٹیڈیم بھی تعمیر کیا گیا ہے اور یہاں پر کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی گئی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کی صلاحیتیں ابھر کر سامنے آئیں اور وہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں ۔