کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے عبد الستارایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرنے سے پہلے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکر نے ہاکی اولمپینز اور سابق انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں اولمپین حنیف خان ، اولمپین حسن سردار ، اولمپین کلیم اللہ ، اولمپین کامران اشرف ، کاشف جواد ، اولمپین دانش کلیم ، صفدرعباس ، حیدر حسین ، اور گلفرازخان نے شرکت کی۔ صدر پی ایچ ایف نے تمام ہاکی اولمپینز اور انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑیوں کو قومی کھیل کی بہتری کے لئے مل کر کام کرنے کی دعوت دی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈ (ر) خالد سجاد کھوکھر نے بتایا کہ کم از کم 11 کمپنیوں نے پی ایچ ایف سے رابطہ کیا ہے اور قومی کھیل ہاکی کو سپانسر کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف نے کوچز ، امپائرز ، ٹیکنیکل آفیشلز اور ملک بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ اسکیم کے ذریعے منتخب ہونے والے ابھرتے ہوئے اور باصلاحیت ہاکی کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے لاہور میں ہاکی ایکسی لینس اسکول کے قیام کے منصوبے کو بھی حتمی شکل دے دی ہے۔ آئی پی سی کی وزارت کے ذریعے چاروں صوبائی حکومتوں پر بھی زور دیا کہ وہ چاروں صوبوں میں ہاکی اکیڈمیاں قائم کرے کیونکہ ہمارے ملک میں اسکول اور کالج ہاکی ختم ہوچکی ہے اس لیےمتبادل طریقہ یہی ہے کہ قومی کھیل کی بہالی کے لئے چاروں صوبوں میں ہاکی اکیڈمیاں قائم کی جائیں۔ لاہور کی اکیڈمی کے لیے آسٹریلیا کے فزیکل ٹرینر مسٹر ڈینیئل بیری کے ساتھ سینئر اور جونیئرٹیمز کے تمام کوچ اس ایلیٹ ہاکی سنٹرز کا حصہ ہوں گے۔
صدر نے کہا کہ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم جو جونیئر ایشیاء کپ 2020 میں شرکت کرے گی ، فائنل ایونٹ سے کچھ دن پہلے ہی بنگلہ دیش چلے جائے گیں تاکہ ٹیم ما حول کے مطابق خود کو ڈاھال سکے اورغیرملکی ٹیمز کے ساتھ پریکٹس میچ کھیل سکے۔ مزید انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش جانے سے قبل جونیئر ہاکی ٹیم بمقابلہ قومی سینئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ سیریز بھی کھیلے گی جس کے شیڈول کو قومی ہاکی چیمپئن شپ کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔
پی ایچ ایف کے صدر نے کہا کہ پی ایچ ایف ان شہروں اور قصبوں میں منی آسٹرو ٹرف بچھانے میں دلچسپی رکھتا ہے جہاں ہاکی کا کھیل باقاعدگی سے کھیلا جاتا ہے تاکہ ہمارے بچے اپنا کھیل آسٹرو ٹرف سے شروع کریں اور جدید چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے جدید بین الاقوامی ہاکی سیکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ نے صوبے کے مختلف شہروں میں آسٹرو ٹرفز لگاءی ہیں۔ یہ ایک بہت بڑا کام ہے ۔ ان آسٹرو ٹرفز سے فوائد حاصل کرنے کے لئے ان سہولیات کو بروئے کار لانے اور باقاعدہ ہاکی میچز کا انعقاد کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کے تربیتی کیمپ کا انعقاد صوبہ سندھ کے ان شہروں میں کیا جائے گا جہاں یہ آسٹرو ٹرف لگاءے گئے ہیں اور جہاں ہاسٹل روم کی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔
صدر نے بتایا کہ اگلے دوسال میں ہاکی فائیو سائیڈ ورلڈ کپ ہو رہا ہے اور پاکستان کواس بڑے ایونٹ کی تیاری کرنی ہوگی۔ منی ٹرفسز کے قیام سے ہماری ہاکی کو مضبوط بنیاد اور ہاکی فائیو سائیڈ کو بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری میں مدد ملے گی۔
صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ پی ایچ ایف کی موجودہ انتظامیہ کی کاوشوں کی وجہ سے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کے لیز کا 30 سال پرانا مسئلہ حل ہو گیا ہے اور پاک فوج نے ایک طویل عرصے کے لئے ہاکی اسٹیڈیم کی لیز دے دی ہے۔
پی ایچ ایف کے صدر نے مزید کہا کہ 31 ویں قومی سینئر ویمنز ہاکی چیمپین شپ دسمبر 2020 کو پشاور میں منعقد کی جائے گی۔
صدر پی ایچ ایف نے بتایا کہ 2021 کے نئے ہاکی کلنڈرکا جلد اعلان کیا جائے گا اور یہ بھی بتایا کہ چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) ہاکی چیمپین شپ مارچ 2021 میں آرمی ہاکی اسٹیڈیم راولپنڈی میں منعقد ہوگی اور چیف آف نیول اسٹاف (سی او ایس) ہاکی چیمپین شپ جون 2021 کو عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم ، کراچی میں ہوگی۔
پی ایچ ایف کے صدر نےبتایا کہ پاکستان کی سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیمیں COVID 19 کی دوسری لہر کی وجہ سے مستقبل قریب میں کسی غیر ملکی ہاکی ٹیموں کے ساتھ دوطرفہ ہاکی سیریز یا انٹرنیشنل ہاکی میچ نہیں کھیل سکے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایچ ایف نے پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے مالی معاملات حل کرنے کے لئے سنٹرل کنٹریکٹ دینے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔