پشاور( سپورٹس رپورٹر ) ووشو ایسوسی ایشن کے صدر ررحمت گل آفریدی نے کہا ہے کہ جو کھیلوں کی ایسوسی ایشن بہترین سرگرمیوں کا انعقاد کرتی ہیں انکے فنڈز میں اضافہ کیا جائے یہ باتیں انہو ں نے قیوم سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی کوریج کرنے والے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کی – انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی مختلف تنظیمیں اپنی مدد آپ کے تحت کھیلوں کے فروغ کیلئے کوششیں کررہی ہیں اور یہی صورتحال اس وقت ووشو کی بھی ہے جس کے مقابلے ہر سطح کے منعقد کروائے جارہے ہیں اوریہ سب کچھ اپنی مدد آپ کے تحت کروایا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ انہیں سال 2019-20 میں سالانہ گرانٹس بھی نہیں ملی تاہم ایسوسی ایشن نے کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھیں اور مختلف سطح کے مقابلے منعقد کروائے کیونکہ ہم مثبت سرگرمیوں کا فروغ چاہتے ہیں انہوں نے کہاکہ ہمیں سپورٹس ڈائریکٹریٹ کی جانب سے یہ کہا گیا کہ کرونا کی وجہ سے اس مرتبہ فنڈز نہیں دیا جا رہا،تاہم اس کے باوجود ہم کھیلوں کے فروغ کیلئے کوششیں کرتے رہیں گے۔ ایک سوال پر رحمت گل آفریدی کا کہنا تھا کہ فنڈ ز کی تقسیم کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کی بہتر سرگرمیوں کی بنیاد پرہونی چاہئیے اور جو ایسوسی ایشن زیادہ سرگرمیاں کرے انہیں زیادہ فنڈز دئیے جائیں…