پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ)خیبر پختونخواباڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے صدر وسابق مسٹر سائوتھ ایشیاء اعجازاحمد نے کہاہے کہ وہ صوبے میں باڈی کھلاڑیوں کی مشکلات کے حل کیلئے کوشاں ہیں اور انشاء اللہ مستقبل میں تن سازوں کیلئے مختلف اضلاع کیساتھ ساتھ صوبائی اور نیشنل مقابلے منعقد کرانے کیلئے جلد ہی کلینڈر جاری کیاجائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے شہدائے اے پی ایس باڈی بلڈنگ مقابلوں کے بعد میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔اعجاز احمد نے کہاکہ کرونا کی وجہ سے تن سازوںاور کوچز کو مشکلات درپیش آرہی تھی تاہم ہماری کوشش ہے کہ صوبے میں تن سازوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے کام کی جائے ،انہوںنے بتایاکہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں نے قربانیاں دی اور ہم ان کی قربانیوں کو یاد رکھنے کیلئے گذشتہ چھ سالوں سے یہ مقابلے کروا رہے ہیں اور اللہ کے فضل سے بہت ہی خوشگوار ماحول میں اختتام تک پہنچ جاتے ہیں ،انہوں نے اے پی ایس شہداء کے والدین کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو اس چمپئن شپ کے موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ کے انعقاد کے عین موقع پر ان کے لئے مسائل کھڑے کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم ہم سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے ڈی جی اسفندیار خٹک اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی انتظامیہ کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس ڈائریکٹر اسفندیار خان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ،انہوں نے کہاکہ پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کی نگرانی اورصوبائی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام صوبے میں مختلف مقابلوں کے انعقاد کا سلسلہ جلد شروع کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تن سازی سے نوجوانوں میں مثبت سرگرمیاں پیدا ہوتی ہیں اور یہ ایک اچھی مقابلے کی فضاء بنتی ہیں جس سے نوجوان غلط سرگرمیوں سے بچتے ہیں انہوں نے کہا کہ فیڈریش کے تعاون سے مارچ میں قومی سطح کے مقابلے کروائے جائیں گے۔