اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کا دورہ کیا، ان کے ہمراہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری محسن مستاق بھی تھے، وفاقی وزیر کے دورہ میں علامہ اقبال ہوسٹل، نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم، روشن خان سکواش کمپلیکس اور روڈھم ہال شامل تھےنصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ آسٹرف بچھانے کا کام چار ہفتوں میں مکمل کیا جائے اور وہ مارچ کے پہلے ہفتہ میں نصیر بندہ ہاکی سیٹڈیم کا دوبارہ دورہ کریں گی
انہوں نے علامہ اقبال ہوسٹل میں چترال ویمن فٹ بال ٹیم کی کھلاڑیوں سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ مردوں کی طرح خواتین کھلاڑی بھی ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے بھر پور کردار ادا کر رہی ہیں اور وفاقی وزیر نے حکومت کی جانب سے خواتین کھلاڑیوںکو ہر ممکن تعاون یقین دہانی کروائی ہے
انہوں نے کہا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ ٹیم میں شامل خواتین کا تعلق ضلع چترال کے دور دراز علاقوں سے ہے، انہوں نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے متعلقہ افسران کو ہدایات کی کہ جاری مختلف ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کیا جائے اور کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیاجائے، روشن خان سکواش کمپلیکس اور روڈھم ہال کے دورہ کے دوران وفاقی وزیر نے صفائی اور دیگر کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ مناسب جگہ پر کوڑا دان لگائے جائیں تاکہ صفائی کا مزید خیال رکھا جائے۔