لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہر موقع پر اپنے کرکٹرز کا خیال رکھنا پی سی بی کا فرض ہے، لہٰذا مناسب ہے کہ ہمارے پاس اپنے کھلاڑیوں کے لیے والدین سے متعلق ایک دوستانہ پالیسی موجود ہو تاکہ ہمارے کھلاڑیوں کو زندگی کے اہم مرحلےمیں مکمل معاونت حاصل ہو اور اس دوران وہ اپنے کیریئر کے حوالے سے بے فکر رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین کھلاڑیوں کے لئے اس پالیسی کا موجود ہونا اور بھی اہم تھا، خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور ہماری خواتین کرکٹرز نے تو عالمی سطح پر ہمارے لئے بہت سے اعزاز حاصل کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب جبکہ ہمارے پاس زچگی کی چھٹی کی پالیسی موجود ہے ، امید ہے کہ ماضی کی نسبت خواتین زیادہ تعداد میں اس کھیل کی طرف راغب ہوں گی کیونکہ اس پالیسی کے اجراء سے انہیں اپنی زندگی میں توازن برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔