پی سی بی نے بچے کی پیدائش پر کھلاڑیوں کو تنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے کی پالیسی جاری کردی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے بچوں کی پیدائش پر کھلاڑیوں کو تنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے کی پالیسی جاری کردی ہے۔

پیشہ ور کھلاڑیوں کے لیے جاری کردہ اس پالیسی کا اطلاق ویمنز اور مینز دونوں کرکٹرز پر ہوگا، جو بالترتیب حمل کے دوران اور بچے کی پیدائش کے وقت اس پالیسی سے مستفید ہوسکیں گے۔

خواتین کرکٹرز چاہیں گی تو اپنی زچگی کی چھٹی کے شروع ہونے سے لے کر بچے کی پیدائش تک وہ اپنے لیے نان پلیئنگ رول اختیار کرسکیں گی۔

اس موقع پر خواتین کھلاڑی تنخواہ کے ساتھ 12 ماہ کی چھٹی اور کنٹریکٹ کی معیاد میں ایک سالہ توسیع کی حقدار بھی ہوں گی۔

زچگی کی چھٹی کے اختتام پر مذکورہ ویمن کرکٹر کو دوبارہ کرکٹ کی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے گا۔ پوسٹ چائلڈ ری ہیب پروگرام کے سلسلے میں بھی انہیں مناسب طبی معاونت فراہم کی جائے گی۔

اسی طرح، اگر کسی خاتون کرکٹر کو کرکٹ کی کسی سرگرمی کے سلسلے میں سفر کرنا پڑتا ہے تو اسے اپنے نوزائیدہ بچے کی دیکھ بھال کے لیے من پسند فرد کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس سلسلے میں تمام اخراجات پی سی بی اور مذکورہ خاتون کرکٹر برابر تقسیم کریں گے۔

وہ مینز کرکٹر جو کسی بچے کے والد بنتے ہیں تو وہ بھی مکمل تنخواہ کے ساتھ 30 دن تک چھٹی لینے کے حقدار ہوں گے تاہم انہیں یہ چھٹی اپنے بچے کی پیدائش کے 56 روز کے اندر حاصل کرنی ہوگی۔

error: Content is protected !!