پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ)کھیلوں کے مختلف ایسوسی ایشنز کے کھلاڑیوں کی جانب سے پریکٹس نہ ہونے کے باعث بیشتر کھیلوں کے کھلاڑی سست روی کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ بعض کھلاڑیوں نے اپنے آپ کو دیگر مشاغل میں مصروف کردیا ہے ‘ اس وقت صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ سمیت کھیلوں کی تمام سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہیں اور کہیں پر بھی کوئی مقابلے کرونا کی وجہ سے نہیں کروائے جارہے ‘ اسی باعث شاہی باغ ‘ جمخانہ ‘ سپورٹس ڈائریکٹریٹ ‘ حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی سرگرمیاں مکمل طور پر بند رہی۔ تاہم اب کرونا کی صورتحال میں کسی حد تک بہتری آنے کے بعد صرف قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں مخصوص اوقات میں پریکٹس کرنے کی اجازت دیدی گئی ہیں ۔سپورٹس ڈائریکٹریٹ خیبر پختونخواہ کے ڈائریکٹر جنرل اسفندیار خٹک کے مطابق قیوم سپورٹس کمپلیکس ‘ حیات آباد سپورٹس کمپلیکس سمیت تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ڈی آئی خان ‘ بنوں ‘ مردان اور ملاکنڈ کھیلوں کی سرگرمیاں صرف قومی اوربین الاقوامی کھلاڑیوں کیلئے پریکٹس کی حد تک کھلی رہینگی۔تاہم انہوں نے اس حوالے سے تمام کھلاڑیوں کو ایس او پیز پر عملدرآمد کرنیکی ہدایت کی ہے۔