ٹوکیو(سپورٹس لنک رپورٹ)ٹوکیو اولمپکس میں وومن سنگلز میں پاکستان کی ٹاپ سیڈ کھلاڑی ماحور شہزاد اپنا دوسرا میچ بھی ہار گئیں جس کے بعد ان کا اولمپکس میں سفر ختم ہوگیا۔ماحور شہزاد کو دوسرے گیم میں بھی 14-21 سے شکست ہوگئی جب کہ میچ میں ماحور کی شکست کا اسکور 14-21 اور 14-21 رہا۔ٹوکیو اولمپکس کے آج ہونے والے خواتین بیڈمنٹن کے میچ میں ماحور شہزاد کا مقابلہ برطانیہ کی کرسٹی گلمور سے تھا۔ماحور شہزاد اس وقت عالمی رینکنگ میں 133 اور کرسٹی گلمور 26 رینک پر براجمان ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ماحور شہزاد خواتین بیڈمنٹن کے سنگلز ایونٹ کے ابتدائی میچ میں بدترین شکست کا سامنا کرچکی ہیں۔خواتین بیڈمنٹن کے سنگلز ایونٹ میں پاکستان کی ماحور شہزاد کو جاپان کی ایکانی یاماگوچی نے3-21 اور 8-21 سے آٹ کلاس کر دیا تھا۔دوسرے میچ میں بھی شکست کے بعد انتہائی غصے کے عالم میں ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں اس نے الزام لگایا ہے کہ پٹھان کھلاڑی اس سے حسد کرتے ہیں ، اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اگر میں یہاں تک پہنچی ہوں تو یہ اللہ کی مہربانی ہے مگر کچھ لوگوں کو خاص طور پر کچھ پٹھان کھلاڑیوں کو ان کی یہ کامیابی ہضم نہیں ہو رہی
ماحور شہزاد کی جانب سے پٹھان کھلاڑیوں کیخلاف بات کرنے پر سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے ماحور شہزاد نے کسی پٹھان کھلاڑی کا نام تو نہیں لیا لیکن اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ ان کا اشارہ پلوشہ خان اور مراد علی کی جانب ہے جنہوں نے انہیں وائلڈ کارڈ انٹری دینے پر فیڈریشن کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا ، لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ماحور شہزاد شکست کے غصے کی وجہ سے یہ نہیں سمجھ پائیں کہ پلوشہ اور مراد نے انہیں نہیں بلکہ فیڈریشن کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا کیونکہ پلوشہ اور مراد علی نے ٹوکیو اولمپکس میں ماحور شہزاد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔