دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر زمبابوین آل راؤنڈر سکند رضا پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا، اس کے ساتھ ساتھ ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا۔ زمبابوے اور افغانستان کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں زمبابوین اننگز کے 23ویں اوور میں سکندر رضا نے ایل بی ڈبلیو ہونے پر ایمپائر کے فیصلے پر برہمی کا اظہار کیا تھا، ایمپائرز نے آئی سی سی سے رضا کے رویے کی شکایت کی تو ورلڈ گورننگ باڈی نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے زمبابوین آل راؤنڈر کو آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے ان پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا۔