کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5وکٹوں سے شکست دے کر ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا میچ جیت لیا ہے۔ ایونٹ کے نویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے188 رنز کا ہدف 2 گیندیں قبل حاصل کیا۔

بین کٹنگ نے اننگز کے اٹھارویں اوورمیں فہیم اشرف کو 17 رنز جڑ کرمیچ کا پانسہ پلٹا۔ انہوں نے چھٹی وکٹ کے لیے محمد نواز کے ہمراہ 57 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح دلائی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو میچ کے آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے۔ اس دوران بین کٹنگ نے مسلسل 2 گیندوں پر 2 چھکے داغ کر ٹیم کو کامیابی دلادی۔

بین کٹنگ17 گیندوں پر 42 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ ان کی برق رفتار اننگز میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ محمد نواز 25 رنزبنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل اوپنر جیسن رائے نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بہترین آغاز فراہم کرنے میں مدد دی۔ انتیس سالہ انگلش کرکٹر جیسن رائے کی یہ ایونٹ میں دوسری نصف سنچری ہے۔ وہ 38 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2چھکوں کی بدولت 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انہیں احمد صفی عبداللہ نے پویلین کی راہ دکھائی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 19.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔

اسلام آبا د یونائیٹڈ کے احمد صفی عبداللہ اور فہیم اشرف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری طرف میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے تھے۔ 56 رنز پر ابتدائی تین وکٹیں گرنے کے بعد کولن انگرام اور کپتان شاداب خان کے درمیان 76 رنز کی شراکت نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بڑا مجموعہ اسکور کرنے میں مدد دی۔

کولن انگرام نے 40 گیندوں پر 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔کپتان شاداب خان 3چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے تیسرے بہترین بلے باز کولن منرو رہے۔ انہوں نے 20 گیندوں پر 31 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نسیم شاہ اور ٹیمل ملز نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں شاندار بلے بازی کرنے پر بین کٹنگ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اٹھائیس فروری کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں 2میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ دوسرے میچ میں لاہور قلندرزاور پشاور زلمی کی ٹیمیں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں مدمقابل آئیں گی۔

error: Content is protected !!