انگلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مسلسل چوتھی کامیابی سمیٹ لی، انگلش ٹیم نے سری لنکا کو 26 رنز سے شکست دیکر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر کردیا ہے۔
شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔
سری لنکا نے ابتدا میں اچھی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 کے مجموعے تک جیسن رائے، ڈیوڈ ملان اور جونی بیئرسٹو کو پویلین پہنچا دیا تھا۔
جب انگلینڈ کی ٹیم 10 اوورز میں صرف 47 کے اسکور پر تھی تو اس وقت ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ جیسے ایونٹ کی اب تک کی ناقابلِ شکست ٹیم سری لنکا کو چھوٹا ہدف دے پائے گی، تاہم ایسے میں جوز بٹلر اور ایون مورگن نے اننگز کا دھارا بدل دیا۔
جوز بٹلر نے رواں ایونٹ کی پہلی سنچری بناڈالی، انہوں نے 67 گیندوں پر 6 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 101 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی جانب سے بٹلر کے علاوہ کپتان ایون مورگن نے 36 گیندوں پر 40 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تھی۔
ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی قابلِ ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکا، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بناسکی۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 19ویں اوور میں 137 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔