لنکا پریمیئر لیگ 2021 کے دوسرے ایڈیشن کے لئے 9 نومبر 2021 کو کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کے عمل کا آغاز ہوگا۔ اس میں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی جیسے شاہد آفریدی، عرفان پٹھان اور کرس گیل شامل ہوں گے۔
لنکا پریمیئر لیگ کی جانب سے اس عمل میں مجموعی طور پر 300 غیرملکیوں سمیت 600 کھلاڑی حصہ لیں گے۔ یہ تقریب آن لائن منعقد ہوگی جس میں 5 فرنچائز مالکان کے ساتھ ایس ایل سی کے حکام بھی شریک ہوں گے۔ ایل پی ایل نے کرکٹ کے بڑے کھلاڑیوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی ہے جن میں ویسٹ انڈیز کے عظیم کھلاڑی کرس گیل، سابق بھارتی فاسٹ بالر عرفان پٹھان، سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی، جنوبی افریقہ کے سابق کپتان پلیسس سمیت دیگر پاکستانی کھلاڑی بشمول محمد حفیظ، محمد عامر، سرفراز احمد، شعیب ملک، وہاب ریاض سمیت دیگر بہت سے کھلاڑی شامل ہیں۔
آئی پی جی گروپ کے منیجنگ پارٹنر اور سی او او، جاوید غلام رسول نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "لنکا پریمیئر لیگ 2021 پچھلے سیزن کے مقابلے میں اس بار زیادہ دلچسپ ہوگی۔ ہمارے پاس دنیا بھر کے بہترین کھلاڑی اس شاندار ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے اور سری لنکا کے شائقین کرکٹ نے اپنے ہوم گراؤنڈ میں ہمیشہ ایسے مقابلے دیکھنے میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی ہے۔ عالمی وبا سے کھیلوں کی انڈسٹری پر اثر پڑا لیکن ہم کرکٹ کی بحالی اور اسکے آگے بڑھنے پر خوش ہیں۔”
کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کا عمل 20 راؤنڈز پر مشتمل ہوگا جس میں کھلاڑیوں کی متعدد کٹیگریز شامل ہوں گی، جیسے مقامی اور بین الاقوامی بڑے کھلاڑی، مقامی اور بین الاقوامی ڈائمنڈ کھلاڑی، مقامی اور بین الاقوامی گولڈ کھلاڑی اور مقامی اور بین الاقوامی کلاسک کھلاڑی شامل ہیں۔
اس کے ساتھ ہی، سری لنکا کے نوجوان کھلاڑیوں کے انتخاب پر توجہ دینے کے لئے لوکل ایمرجنگ اور سپلیمنٹری لوکل راؤنڈز بھی منعقد ہوں گے۔
ایک اسکواڈ 20 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا جس میں 14 کھلاڑی مقامی اور 6 بین الاقوامی کھلاڑی شامل ہوں گے۔ اس سلسلے میں کولمبو، دمبولا، گال، جافنا، اور کینڈی شہروں کی پانچ فرنچائز بالترتیب شامل ہوں گی اور ان کے مابین لنکا پریمیئر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی ٹرافی لینے کا مقابلہ ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ 5 دسمبر کو شروع ہوگا اور 23 دسمبر 2021 کو اختتام پذیر ہوگا۔
ایل پی ایل کے پہلے سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے سری لنکن کھلاڑی ایم ڈی گوناتھیلاکا ہیں جنہوں نے 476 رنز بنائے جبکہ سب زیادہ وکٹیں ویندو ہسارنگا نے لیں جن کی وکٹوں کی تعداد 17 ہے۔