سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے تعاون سے ہونے والا
سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے تعاون سے ہونے والا رستم پاکستان دنگل گوجرانوالہ کے پہلوان زمان انور جانی نے جیت لیا۔
تفصیلات کے مطابق پہلوان زمان انور جانی نے بہاولپور کے آصف پہلوان موچی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دی،مقررہ 30منٹ میں کوئی پہلوان کامیابی حاصل نہ کرسکا جس کے بعد اوپن فائٹ مرحلے میں زمان انور جانی نے کامیابی حاصل کرلی۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل رستم پاکستان دنگل کے مہمان خصوصی تھے،اس موقع پر انہوں نے مقابلہ میں حصہ لینے والے پہلوانوں میں انعامات تقسیم کئے، رستم دنگل پاکستان جیتنے والے زمان انور جانی کو ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے رستم پاکستان کا گرز اور10لاکھ روپے جبکہ دوسرے نمبر پر رہنے والے آصف پہلوان موچی کو 5لاکھ روپےاورشہزاد پچار کو3لاکھ روپے کے انعامات دیئے گئے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل کی پنجاب سٹیڈیم آمد پر ریسلنگ فیڈریشن کی جانب سے پنجاب کی روایتی پگ پہنائی گئی، اس کے علاوہ رستم پاکستان دنگل کے پہلوانوں سے انکا فردا فرداتعارف بھی کروایا گیا۔
اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ، دنگل میں اچھے مقابلے دیکھنے کو ملے، دنگل میں حصے لینے والے تمام پہلوانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، دنگل پنجاب کا روایتی کھیل ہےجس کی تاریخ بہت پرانی ہے، تقسیم ہند سے قبل رستم ہند دنگل لاہور میں ہی منعقد ہوتا تھا۔
ڈی جی سپورٹس کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے بعد لاہور میں رستم پاکستان دنگل کروانے کی روایت کو زندہ رکھا گیا، سپورٹس بورڈ پنجاب جہاں دوسری کھیلوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پنجاب کے روایتی کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے اقدامات اٹھا رہا ہے، پنجاب کی شناخت برقرار رکھنے اور روایتی کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے روایتی کھیلوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب آبائی شہر گوجرانوالہ پہنچنے پرپہلوان انورجانی کا شانداراستقبال کیا گیا،قافلے کی شکل میں انہیں گھر تک لایا گیا،اس موقع پرپھولوں کی پتیاں نچھاور کرنے کے ساتھ ساتھ ڈھول کی تاپ پررقص بھی کیا گیا،پہلوان انور جانی کے دوست رشتہ داروں کے ساتھ ساتھ پہلوانی کا شوق رکھنے والوں کی بڑی تعداد اپنے شہر کا نام روشن کرنے والا کا استقبال کرنے کے لیے موجود دکھائی دی۔