کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں کھیلے جانے والے فائنل کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا سلسلہ شروع ہوگیا۔شائقین کرکٹ آج صبح 9 بجے سے کوریئر کمپنی ٹی سی ایس کی مقرر کردہ شاخوں سے بھی ٹکٹس خرید سکیں گے۔پاکستان سپر لیگ فیصلہ کن مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے اور 15 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل کے لئے ٹکٹوں کی فروخت بھی شروع ہوچکی ہے۔رات کے 12 بجتے ہی کوریئر کمپنی کی ویب سائٹ پر شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد ٹکٹ خریدنے کے لیے پہنچی جس کی وجہ سے ویب سائٹ ہی کریش کرگئی۔سوشل میڈیا پر شائقین نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ جب وہ ٹکٹ خریدنے کے لیے ویب سائٹ پر گئے تو انہیں آن لائن ٹکٹ کی خریداری مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔شائقین آج صبح 9 بجے سے کورئیر کمپنی ٹی سی ایس کی مقرر کردہ 32 شاخوں سے ٹکٹ خرید سکیں گے جب کہ رات 12 بجے سے آن لائن ٹکٹ کورئیر کمپنی کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہوچکے ہیں۔شائقین کرکٹ نیشنل اسٹیڈیم کے 15 انکلوژرز کے لئے ٹکٹیں خرید سکیں گے جو ایک ہزار، 4 ہزار، 8 ہزار اور 12 ہزار روپے پر مشتمل ہیں۔ٹکٹ کے حصول کے لئے شہری شناختی کارڈ ساتھ لے جانا نہ بھولیں اور ایک شناختی کارڈ پر صرف 5 ٹکٹ ہی خریدے جاسکیں گے۔