پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بائولر حارث رئوف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کردیا ہے۔
لاہور 15 فروری، 2024:
پی سی بی کے مطابق یہ فیصلہ دورہ آسٹریلیا 24-2023ء کے لئے پاکستان کے ٹیسٹ سکواڈ میں شامل ہونے سے ان کے انکار کی تحقیقات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
پی سی بی کی ایک کمیٹی کی طرف سے مکمل سماعت کے عمل کے بعد اور معاملے میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز کے خیالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حارث رئوف کا سینٹرل کنٹریکٹ یکم دسمبر 2023سے ختم کر دیا گیا ہے
اور انہیں 30جون 2024تک کسی بھی غیر ملکی لیگ میں حصہ لینے کیلئے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔
پی سی بی انتظامیہ نے 30جنوری 2024ء کو انصاف کے اصولوں کے مطابق حارث رئوف کو سماعت کا موقع فراہم کیا تھا تاہم ان کا جواب غیر تسلی بخش پایاگیا۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان کے لیے کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کے لئے اعزاز کی بات ہے، کسی بھی طبی رپورٹ یا معقول وجہ کی عدم موجودگی میں پاکستان کے ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بننے سے انکار سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی ہے۔