ملک میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے;صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی
اسلام آباد۔ (اصغر علی مبارک )
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہےکہ ملک میں گالف جیسی صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ،گالف کا کھیل ہمیں فطرت کے قریب لاتا ہے ،
عوامی مینڈیٹ کی عزت کی جانی چاہیے ، عوامی شمولیت کے بغیر ملک کی ترقی و خوشحالی ممکن نہیں ,ان خیالات کا اظہار انہوں نے مارگلہ گرینز گالف کلب میں منعقدہ سالانہ انویٹیشنل گالف ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
’اسپورٹس ڈپلومیسی‘ اقدام کے تحت، سرینا ہوٹلز نے مارگلہ گرینز گالف کلب کے تعاون سے ٹورنامنٹ کی میزبانی کی تھی۔ تقریب میں گالفرز، سفارتکاروں اور کھیلوں کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ کوئی بھی ملک اپنے عوام کی شمولیت کے بغیر ترقی اور خوشحالی کی خواہش نہیں رکھ سکتا , پاکستان دنیا کا پانچواں آبادی والا ملک ہونے کے ناطے زندگی کے ہر شعبے میں سبقت لے جانے کی بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ عوام ملک کی مجموعی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے اہم محرک ہیں۔پاکستان کے تقریباً 250 ملین لوگ اپنی اجتماعی کوششوں سے فرق پیدا کر سکتے ہیں۔ وہ اپنی صلاحیت اور ذہانت کو بروئے کار لا کر پاکستان کو تبدیل اور تعمیر کر سکتے ہیں۔
صدر علوی نے قومی بہبود اور قوموں کی بہتری پر مثبت اثرات پر زور دیتے ہوئے فعال طرز زندگی اور بیرونی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔ منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قدرتی سرسبز ماحول کے درمیان یہ تقریب خوشگوار رہی۔انہوں نے کہا کہ جدید طرز زندگی کی وجہ سے لوگ جدید ترین سہولیات کے عادی ہو چکے ہیں
اور جسمانی سرگرمیوں سے دور ہو رہے ہیں جو کہ صحت کے لیے فائدہ مند نہیں۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ انسانی جسم روزانہ کی بنیاد پر مختلف مشقوں کا ردعمل ظاہر کرتا ہے
اور اگر مناسب جسمانی سرگرمی نہ اپنائی جائے تو عمر کے ساتھ ساتھ ان میں کمی آتی جاتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کووڈ 19 کے دوران تمام اداروں کی اجتماعی کوششوں اور ڈیٹا کی تیاری کی وجہ سے پاکستان دنیا کا تیسرا کامیاب ترین کارکردگی دکھانے والا ملک بن کر ابھرا۔
انہوں نے کہا کہ اس مثال کو رہنمائی کے طور پر لیا جا سکتا ہے جس سے ملک کو درپیش مختلف مسائل پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ تقریباً 26 ملین بچے سکولوں سے باہر ہیں، اس کے علاوہ صحت کے شعبے میں غذائیت کی کمی اور اسٹنٹنگ کے بے شمار مسائل کا سامنا ہے۔
صدر نے اس بات پر زور دیا کہ انہیں مختلف ترقی یافتہ ممالک کے تجربات سے بھی سیکھنا چاہیے جو مختلف چیلنجوں سے گزرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالات بدل جائیں گے،
مجھے پختہ یقین ہے کہ لوگوں میں بڑی صلاحیت موجود ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی ای او سرینا ہوٹلز عزیز بولانی نے کہا کہ وہ مضبوط تعلقات کو فروغ دینے اور ٹیم ورک کے جذبے کو پروان چڑھانے کے لیے معاشرے کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے منسلک ہونےکے لیے کھیلوں کو ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرتے رہیں گے۔
اختتامی تقریب میں صدر نے چاروں کیٹیگریز میں جیتنے والوں اور رنر اپ کو انعامات سے نوازا۔ سفارتی، حکومتی اور مسلح افواج کے حکام، کاروبارء اور خواتین سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 110 گالفرز نے شرکت کی،
جن میں خواتین کھلاڑیوں کا نمایاں دستہ بھی شامل تھا، مقابلے کے دوران مہارت اور تکنیک کا شاندار مظاہرہ کیا۔ صدر نے خود بھی گالف ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔