ٹی 20 ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں نمیبیا نے سپر اوور میں عمان کو شکست دے دی،
مقررہ 20 اوورز میں دونوں ٹیمیں 109 رنز بنا سکی تھیں۔
ویسٹ انڈیز کے برج ٹاؤن میں کھیلے جا رہے گروپ بی کے پہلے میچ میں نمیبیا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔
عمان کو آغاز سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، فاسٹ باؤلر روبن ٹرمپلمین نے پہلی ہی گیند پر کشیپ پرجاپتی کو اور دوسری گیند پر کپتان عاقب الیاس کو ایل بی ڈبلیو کر دیا، جبکہ اپنے اگلے اوور میں نسیم خوشی کو بھی 6 رنز پر چلتا کر دیا۔
عمان کے ذیشان مقصود اور خالد کیل نے بالترتیب 22 اور 34 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی، تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی قابل ذکر اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔
عمان کی ٹیم 20 ویں اوورز میں 109 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، نمیبیا کی جانب سے روبن ٹرمپلمین نے 21 رنز دے کر 4 وکٹیں جبکہ ڈیوڈ ویزے نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
نیمیبا کو بھی پہلے ہی اوور میں نقصان اٹھانا پڑا، بلال خان نے بیٹر مائیکل وین لنگن کو بولڈ کر دیا، لیکن اس کے بعد جے این فرائی لنک اور نکولاس ڈیوین کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 42 رنز کی ساجھے داری قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن بہتر کردی۔
نکولاس ڈیوین 24 رنز بنا کر عاقب الیاس کی گیند پر محمد ندیم کو کیچ دے بیٹھے، اس کے بعد کپتان گیرارڈ ایراسمس کریز پر پہنچے تاہم وہ صرف 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
نمیبیا نے 19 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنا لیے اور اسے آخری اوور میں جیت کے لیے صرف 5 رنز کی ضرورت تھی، ایسے میں عمان کے کپتان نے گیند مہران خان کے ہاتھوں میں تھمادی، جنہوں نے آخری اوور میں 2 وکٹیں لیں اور نمیبیا کو 5 رنز نہیں بنانے دیے۔
20 ویں اوور کے اختتام پر نمیبیا بھی 109 رنز بنا سکی، جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔
سپر اوور میں نمیبیا نے 21 رنز بنائے اور جیت کے لیے 22 رنز کا ہدف دیا، تاہم عمان کی ٹیم صرف 10 رنز بنا سکی اور میچ میں نمیبیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
عمان اسکواڈ: کپتان عاقب الیاس، کیشیپ پراجاپتی، نسیم خوشی، ذیشان مقصود، خالد کیل، ایان خان، محمد ندیم، مہران خان، شکیل احمد، کلیم اللہ اور بلال خان عمان ٹیم کا حصہ ہیں۔
نمیبیا اسکواڈ: نمیبیا کی جانب سے ٹیم میں کپتان گرہارڈ ایراسمس، نکولاس ڈیون، مائیکل وان لنجین، جان فرائیلنک، ملان کروگر، جے جے اسمٹ، ڈیوڈ ویزے، زین گرین، روبین ٹرمپلمین، برنارڈ اسکولٹز اور ٹینجینی لونگامینی شامل ہیں۔