خیبرپختونخوا باکسنگ ایسوسی ایشن کا نچلی سطح پر باکسنگ کے فروغ کا عزم، ریڈیوپروگرام،،
سپورٹس راؤنڈاب میں خیضراللہ کی خصوصی گفتگو
غنی الرحمن
پشاور: خیبرپختونخوا باکسنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خیضراللہ نے پختونخوا ایف ایم ریڈیو کے پروگرام "سپورٹس راؤنڈاپ” میں شرکت کرتے ہوئے صوبے میں باکسنگ کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی۔
اس پروگرام کے اینکر اور نوجوان صحافی وصال یوسفزئی کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے خیضراللہ نے بتایا کہ ایسوسی ایشن صوبے میں باکسنگ کو نچلی سطح پر فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن صوبے کے دور دراز علاقوں میں باصلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ایسوسی ایشن کی کوشش ہے کہ صوبے کے ہر علاقے میں باکسنگ کلب قائم کیے جائیں
اور نوجوانوں کو تربیت یافتہ کوچز کی نگرانی میں معیاری تربیت دی جائے۔ اس کے علاوہ ایسوسی ایشن کے زیر انتظام مختلف باکسنگ مقابلے بھی منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع مل سکے۔
ایک اہم قدم کے طور پر خیضراللہ نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں پہلی بار باکسنگ کلبوں اور کھلاڑیوں کی باقاعدہ رجسٹریشن کا عمل شروع کیا گیا ہے، جس سے باصلاحیت کھلاڑیوں کی ایک رینکنگ لسٹ تیار کی جائے گی۔
یہ اقدام اس بات کو یقینی بنائے گا کہ صوبے میں موجود بہترین کھلاڑیوں کو ان کی کارکردگی کے مطابق شناخت ملے اور مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر انہیں نمائندگی کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں باکسنگ کو مقبول بنانے کے لیے مقامی ریڈیو اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کا کردار بھی اہم ہے، کیونکہ ان کے ذریعے باکسنگ کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جا سکتی ہے اور نوجوانوں کو اس کھیل کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے۔